کووڈ 19؛ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ فرنٹ لائین ورکرز کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے – Kashmir Link London

کووڈ 19؛ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ فرنٹ لائین ورکرز کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے

لندن (عمران راجہ سے) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا ہے کہ انکی چیریٹی انسانی فلاح کے دیگر منصوبوں کیساتھ ساتھ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈائون میں لندن سمیت مختلف برطانوی شہروں میں فرنٹ لائن پر عوامی خدمت میں مصروف ’’کی ورکرز‘‘ کیلئے کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کا کام بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے کی ورکرز عوام کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ چنانچہ بطور ایک چیریٹی بھی اور انسانیت کے ناطے بھی ہمارا یہ فرض اولین ہے کہ ہم اپنی استعداد کے مطابق اپنے ان بہن بھائیوں کا خیال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا سٹاف ہسپتالوں‘ پولیس سٹیشنز‘ سکولوں‘ بنکوں اور اولڈپیپل ہومز سے رابطہ کرتا ہے اور وہاں کی انتظامیہ کی مرضی اور گائیڈ لائینز کے مطابق انہیں کھانے پینے کی اشیاء پہنچاتا ہے۔
عبدالرزاق ساجد نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ جو لوگ کورونا جیسی خطرناک وبا کے دوران بھی خدمتِ انسانی کے لئے خود کو وقف کئے ہوئے ہیں ہم انہیں اپنے طور پر ان کی ملازمتوں کی جگہوں پر کھانا پہنچائیں۔ اس سے ان کی حوصلہ افزائی ہو گی اور وہ یہ سمجھیں گے کہ ہم اکیلے نہیں‘ کوئی ہے جو ہمارا احساس کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا اسی احساس کا نام انسانیت ہے اور ذمہ دار شہری ہونے کا فریضہ بھی یہی ہے۔

دوسری طرف ہم پاکستان‘ آزادکشمیر‘ برما‘ بنگلہ دیش‘ انڈیا‘ صومالیہ‘ شام‘ فلسطین اور یمن کے ساتھ ساتھ دنیا کے ہر اس خطے میں اپنا خدمتِ انسانی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث یا قدرتی آفات کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا ہم انگلینڈ میں بھی ایسے افراد کے کھانے پینے کا بندوبست کرتے ہیں جو بے گھر ہیں‘ بوڑھے یا معذور ہیں۔ ہم نے کورونا وائرس اور لاک ڈائون کے تمام عرصہ میں ایک فون ہاٹ لائن شروع کی جس پر معذور اور عمر رسیدہ افراد رابطہ کر کے اپنی ضرورت کی اشیاء اپنے ڈور سٹیپ پر منگوا سکتے تھے۔
انکا کہنا تھا کہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ یہ سب کام کسی ستائش کی تمنا کیلئے نہیں صرف اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق اور اس کی رضا کیلئے کرتا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes