قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اہلیہ کے ہمراہ برطانیہ سے پاکستان روانہ – Kashmir Link London

قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اہلیہ کے ہمراہ برطانیہ سے پاکستان روانہ

لندن (عمران راجہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست جہانگیر ترین برطانیہ میں سات ماہ گزارنے کے بعد اپنی اہلیہ کے ہمراہ واپس پاکستان روانہ ہوگئے ہیں۔

وہ جمعرات کی شام لندن ہیتھرو ایئرپورٹ سے ایک نجی ایئرلائین کی پرواز سے براستہ دوبئی پاکستان کیلئے روانہ ہوئے۔
اس طرح پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے اپنے دورہ برطانیہ سے متعلق کی جانے والی تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔


تحریک انصاف کے رہنما 7 ماہ قبل پاکستان سے لندن علاج کی غرض سے گئے تھے۔ جہانگیر ترین شوگر کمیشن کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد سے برطانیہ میں مقیم رہے انہوں نے 7 ماہ ہیمپشائر کنٹری ہوم میں گزارے، واضع رہے ہیمپشائیر انگلینڈ کی ایک پرفضا کائونٹی ہے جسکے کنارے سمندر سے ملتے ہیں۔
یادرہے جہانگیر ترین کے لندن آنے پر اپوزیشن جماعتوں نے اعتراض کیا تھا۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ عمران مافیا خود چینی مافیا ہے کیونکہ چینی چوری کی ای سی سی اور کابینہ میں تمام فیصلوں کی منظوری صرف عمران اور بزدار نے دی۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ جہانگیر ترین کو پچھلے دروازے سے لندن بھگا کر خود چینی کمیشن سے بھاگ کر کہتے ہیں احتساب ہو رہا ہے لیکن یہ کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔


جہانگیر ترین ایک ایسے موقع پر وطن واپس گئے ہیں جہاں انکی پارٹی کو انکی اشد ضرورت ہے، اپوزیشن نے ناک میں دم کررکھا ہے اور اتحادی اکھڑے اکھڑے نظر آتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes