مسلم ہینڈز کے ذیلی ادارے اوپن کچن کے زیراہتمام غربا و مساکین میں سرد موسم کی اشیائے ضروریہ تقسیم – Kashmir Link London

مسلم ہینڈز کے ذیلی ادارے اوپن کچن کے زیراہتمام غربا و مساکین میں سرد موسم کی اشیائے ضروریہ تقسیم

لندن (عمران راجہ) دنیا بھر میں خدمت انسانی میں پیش پیش برطانوی تنظیم مسلم ہینڈز کے ذیلی ادارے اوپن کچن کے ایراہتمام سردیوں کی آمد پر مفلوک الحال افراد کیلئے ضروری سامان کی تقسیم کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ہنسلو میں قائم اوپن کچن کی اس تقریب میں مقامی ممبر پارلیمنٹ سیما ملہورا نے بطور خاص شرکت کی۔
اس موقع پر اوپن کچن کے روح روان احسان شاہد نے تنظیم کے مختصر اغراض و مقاصد پیش کیئے اور کورونا لاک ڈائون میں خدمت انسانی کیلئے اپنی خدمات پر روشنی ڈالی۔

ایم پی سیما ملہوترا نے بے گھر افرد کےلئے خصوصی طور پر بنائی گئی کِٹ جس میں کمبل، گرم کپڑے اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل تھیں مستحق لوگوں میں تقسیم کیں۔ جن میں انگلش، سکھ ، ہندو مسلمان اور دیگر کمیونٹیز کے لوگ شامل تھے۔

تقریب میں انہوں نے سینکڑوں لوگوں میں گرم اور تازہ خوراک کے پیکٹ، سردی سے بچاؤ کےلئے گرم کمبل جرابیں، گرم کپڑے جیکٹس، کوٹ، جرسیاں اور دیگر اشیا بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیما ملہوترا ایم پی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون جیسے مشکل وقت میں مسلم ہینڈ اور اوپن کچن کی طرف سے انسانیت کی بلا امتیاز خدمات قابلِ تقلید مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث لوگوں میں غربت بڑھ رہی ہے اسلیے زیادہ سے زیادہ لوگ آگے آکر فلاحی سرگرمیوں حصہ لیں۔

اپوزیشن لیبر پارٹی کی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اگر بروقت اقدامات کرتی تو آج لاک ڈاون کی نوبت نہ آتی، اس سے لوگوں کے کاروبار، ملازمتیں اور سماجی سرگرمیاں تباہ ہو رہی ہیں جبکہ نوجوانوں کی زندگیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں انکی لیبر پارٹی حکومت پر لاک ڈاؤن کے جلد خاتمے کے بارے میں دباؤبڑھائے گی تاہم عوام کےلئے بھی ضروری ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes