پاکستان پریس کلب برطانیہ کے زیراہتمام شہدائے اے پی ایس، مرحوم صحافیوں و اہل خانہ کیلئے فاتحہ خوانی – Kashmir Link London

پاکستان پریس کلب برطانیہ کے زیراہتمام شہدائے اے پی ایس، مرحوم صحافیوں و اہل خانہ کیلئے فاتحہ خوانی

لندن (عمران راجہ) پاکستان پریس کلب برطانیہ کے زیراہتمام سانحہ اے پی ایس کی چھٹی برسی کے حوالے سے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ آن لائن ایپ زوم پر منعقدہ اس ریفرنس میں پریس کلب کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر پاکستان پریس کلب برطانیہ کے ممبران کے فوت شدگان اور پاکستان میں وفات پاجانے والے صحافیوں کیلئے بھی دعا کی گئی۔

صدر پاکستان پریس کلب مبین چوہدری نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کورونا وبا نے جہاں بہت سے صحافیوں کو ہم سے جدا کیا وہیں انکے لاتعداد پیارے دار فانی سے کوچ کرگئے، رب عظیم سبھی کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا کرے۔ آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت کے حوالے سے انکا کہنا تھا گو اس سانحے کو چھ سال گذر گئے لیکن ہمارے ذہنوں میں یہ آج بھی زندہ اور دلوں میں تروتازہ ہے، معصوم بچوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے پوری قوم کی جان بچائی، ہماری دعا ہے کہ رب جلیل انکے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔ اور پاکستان کے رکھوالوں کو مزید ہمت اور استقامت دے کہ وہ وطن عزیز کو دشمن کی نظر بد سے بچائے رکھیں۔

جنرل سیکریٹری پاکستان پریس کلب برطانیہ ارشد رچیال، سینیئر نائب صدر شیراز خان، نائب صدر آفتاب بیگ، جوائینٹ سیکریٹری مسرت اقبال، مانچسٹر برانچ کے صدر ماجد نذیر، شفیلڈ کے صدر شفقت مرزا، صدر یارکشائیر برانچ زاہد نور، سینیئر صحافی اسحاق چوہدری، لیاقت حسین راجہ، عمران راجہ، فرحت کاظمی، ساجد عزیز، عمران خالد ، قاسم علی اور غلام دستگیر نے شہدائے اے پی ایس کو خراج تحسین پیش کیا اور کلب ممبران و دیگر صحافیوں اور انکے پیاروں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes