پاکستان نے بھی برطانیہ پر سفری پابندی عائد کردی، پاکستانی وزیٹرز کیلئے خصوصی احکامات – Kashmir Link London

پاکستان نے بھی برطانیہ پر سفری پابندی عائد کردی، پاکستانی وزیٹرز کیلئے خصوصی احکامات

لندن (عدیل خان) یورپ اور دیگر ممالک کے بعد پاکستان نے بھی کورونا کیسز میں خطرناک اضافے کے پیش نظر برطانوی پروازوں پر پابندی کا اعلان کردیا، پابندی کا اطلاق 22 دسمبر کی نصف شب سے ہوگا۔ حکومت پاکستان کیبنٹ ڈویژن کیطرف سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں 23 دسمبر سے 29 دسمبر تک کسی برطانیہ سے کسی مسافر کو پاکستان میں نہیں آنے دیا جائے گا۔
ہدایات کے مطابق ایسے مسافر جو برطانیہ ٹرانزٹ کیلئے رکے ہوں اور ایئر پورٹ حدود سے باہر نہ نکلے ہوں انہیں پاکستان داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔


پاکستانی پاسپورٹ کے حامل ایسے افراد جو مختصر ویزے پر برطانیہ گئے انہیں واپسی کی مشروط اجازت ہوگی۔
ایسے افراد کو 72 گھنٹے کے اندر اندر کرایا گیا کورونا ٹیسٹ کا منفی رزلٹ ساتھ لانا ضروری ہوگا، پاکستان آمد کے بعد بھی انکا پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا اور انہیں سات دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے۔
تمام مسافروں کے موبائل یا دیگر ڈیوائسز میں حکومت پاکستان کی منظور شدہ پاس ٹریک اپلیکیشن کا ڈائونلوڈ ہونا ضروری ہوگا۔


حکومت پاکستان نے یہ پابندی برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی شناخت ہونے پر لگائی ہے جس پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) 28 دسمبر کو نظر ثانی کرے گا جسکے بعد اسکے خاتمے یا تسلسل کا فیصلہ ہوگا۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی موجودگی کے انکشاف کے بعد دنیا بھر مین اسکا نوٹس لیا جارہا ہے کیونکہ یہ قسم تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس کے باعث برطانیہ میں کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ برطانوی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں رپورٹ ہونے والے ہوشربا اعداد و شمار میں ساٹھ فیصدی افراد میں اسی وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ وائرس کورونا کی نسبت ستر فیصد تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
واضع رہے پاکستان کی طرف سے پابندی عائد ہونے تک چالیس سے زائد ممالک برطانیہ پر یہ پابندیاں عائد کرچکے تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes