اہم برٹش پاکستانی شخصیات کی وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں – Kashmir Link London

اہم برٹش پاکستانی شخصیات کی وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں

لندن (اکرم عابد) وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی ایوانِ بالا کے رکن لارڈ عامر سرفراز اور باکسر عامر خان نے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم نے لارڈ عامر کو کم عمری میں لارڈ کے اعزاز سے نوازے جانے پر مبارکباد دی۔ لارڈ عامر کم عمر ترین لارڈز کی فہرست میں شامل ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید استحکام دینے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیرِ اعظم نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے، ملک میں سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو آسان بنانے، بیرونِ ملک پاکستانیوں کے سرمائے کی حفاظت اور رائے دہی میں شمولیت کو اولین ترجیح سمجھتی ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے بھی ملاقات کی جس میں کھیلوں کے فروغ اور سماجی فلاح وبہبود کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ عامر خان کی اکیڈمی پاکستان میں باکسنگ کو پروموٹ کر رہی ہے۔ پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی باکسنگ کے فروغ کے لئے اقدامات کریں گے۔ صوبوں میں باکسنگ اکیڈمیز کے قیام آپ کی مدد لیں گے۔

عامر خان نے تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں، اس لیے ان سے مل کر باکسنگ کو فروغ دیں گے۔ باکسر عامر خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ایک یادگار ملاقات ہوئی، ہم جلد پاکستان کے لیے کچھ نیا کرنے والے ہیں۔

یاد رہے کہ اسی دورہ پاکستان میں انہوں نے کرتارپور میں گوردوارہ دربار صاحب کا بھی دورہ کیا تھا۔ کرتارپور راہداری کے دورے کے بعد ویڈیو پیغام میں باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ گوردوارہ دربار صاحب پر حاضری خوشگوار تجربہ رہا۔

50% LikesVS
50% Dislikes