ملکہ برطانیہ کی طرف سے بے مثال خدمات سرانجام دینے والے افراد کیلئے اعزازات کا اعلان، برٹش پاکستانی بھی شامل – Kashmir Link London

ملکہ برطانیہ کی طرف سے بے مثال خدمات سرانجام دینے والے افراد کیلئے اعزازات کا اعلان، برٹش پاکستانی بھی شامل

لندن (مبین چوہدری) برطانیہ اور اوورسیز میں ملک و قوم کیلئے بے مثال خدمات سرانجام دینے والے افراد کیلئے ملکہ برطانیہ کیطرف سے 2021 کیلئے اعزازات کا اعلان کردیا گیا ہے، اس سال 1123 افراد کو انکی خدمات پر اعزاز دیئے جائیں گے جن میں خاصی تعداد میں پاکستانی نژاد برطانوی خواتین و حضرات بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح اس دفعہ بھی ملکہ برطانیہ کیطرف سے اعزازات حاصل کرنے والوں کی فہرست شائع کردی گئی ہے جس کے مطابق آٹھ سو تین افراد کو کمیونٹی سروسز پر چنا گیا ہے۔ حتمی لسٹ کے مطابق انچاس فیصد خواتین کو اس سال اعزازات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ امیگرینٹ کمیونٹیز سے چودہ فیصد افراد اس اعزاز کے مستحق ٹھہرے ہیں۔ یہ اعزازات سارا سال وقفے وقفے سے شخصیات کو ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے افراد کے ہاتھوں سے دئے جاتے ہیں۔

اس سال دو درجن سے زائد برٹش پاکستانی اس اعزاز کے مستحق ٹھہرے ہیں جن میں سی بی ای کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں معروف قانون دان فیاض افضل اور امپیریل کالج لندن کے نیورولوجسٹ پروفیسر رعد شاکر شامل ہیں۔

او بی ای کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں اولڈہم کے انور علی، پینڈل کے اظہر علی، لوٹن کی فوزیہ تنویر اور شعبہ طب کی نامور شخصیت پروفیسر فرح ناز بھٹی شامل ہیں۔

ایم بی ای کا اعزاز حاصل کرنے والے افراد میں لندن کے حمزہ علی کو تعلیمی خدمات، حلیمہ کاسل کو فنون لطیفہ، ڈاکٹر طیب اور ڈاکٹر عامر حنان کو کورونا وبا میں طبی سہولیات، گلاسگو کے عبدالمجید کو امداد باہمی اور حلیمہ یوسف کوخصوصی بچوں اور نوجوانوں کو خدمات مہیا کرنے پر اعزازات کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔

او بی ای میڈلسٹس کیٹگری میں سمیرا احمد کو کورونا وبا میں جانوروں کی صحت بارے خدمات، ڈاکٹر عظیم عالم کو طبی سہولیات، سلمیٰ بی کرکٹ کے میدان میں اعلی کارکردگی، ضیا الاسلام کو کمیونٹی سروسز اور ندیم صادق خان کو کورونا وبا میں ہائوسنگ کی خدمات پر اعزازات کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes