برطانیہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی، وزیراعظم کا متاثرین سے اظہار ہمدردی – Kashmir Link London

برطانیہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی، وزیراعظم کا متاثرین سے اظہار ہمدردی

لندن (عمران راجہ) برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ ہونے پر وزیراعظم بورس جانسن نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان تمام لوگوں سے ہمدردی ہے جنہوں نے اس وبا کے ہاتھوں اپنے پیارے کھوئے۔

انہوں نے اس امر کا بھی برملا اظہار کیا کہ نئی قسم کے وائرس کی وجہ سے ہمیں زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔
برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرجانے کے بعد ماہرین صحت نے مختلف آرا کا اظہار بھی کیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی نئی شکل بھی برطانیہ میں موجود ہے جس کے بارے میں ابتدا میں برطانوی ماہرین کا کہنا تھا کہ ان کے پاس موجود ثبوت کے مطابق وائرس کی ملک میں گردش کرنے والی نئی شکل 50 سے 70 فیصد زیادہ منتقلی کے قابل ہے۔

نئے سال کے پہلے ماہ کے درمیان لندن سکول آف ہائجین اینڈ ٹروپیکل میڈیسن اور امپیریل کالج لندن کی تحقیقات برطانیہ کے ادارے نیو اینڈ ایمرجنگ ریسپائریٹری وائرس تھریٹس ایڈوائزری گروپ کو پیش کی گئی تھیں۔ ادارے نے ان لوگوں کا ڈیٹا، جنہیں ہسپتالوں کے بجائے اپنی کمیونٹی سے وائرس لگا تھا، اس کو مرنے والوں کی تعداد سے منسلک کیا اور اخذ کیا کہ مرنے والوں میں سے 30 فیصد کی ہلاکت وائرس کی نئی شکل کی وجہ سے ہوئی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی شکل سے متعلق ڈیٹا میں اب بھی غیر یقینی کی صورت حال ہے اور انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کچھ ہفتوں بعد بہتر صورت حال معلوم ہوسکے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes