اوورسیز پاکستانیوں نے مختلف شعبوں میں دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے؛ گورنر پنجاب – Kashmir Link London

اوورسیز پاکستانیوں نے مختلف شعبوں میں دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے؛ گورنر پنجاب

لندن (عمران راجہ) پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کے شاندار مواقع ہیں۔ آپ لوگ اپنے آبائی ملک میں سرمایہ لگاکر نہ صرف بہترین منافع حاصل کرسکتے ہیں بلکہ لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرکے ملک و قوم کی خدمت بھی کریں گے، ان خیالات کا اظہار گورنر ہائوس لاہور میں تحریک انصاف ایسٹ آف اسکاٹ لینڈ کے صدر چوہدری فخر اقبال کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کیا۔

چوہدری سرور نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد مہیا کررہی ہے، پاکستان وسیع قدرتی وسائل، جنگلات، پہاڑ، دریا، سمندر، چار موسموں اور ذہین و محنتی افرادی قوت سے مالا مال ہے، سیاحت کے میدان میں بھی بے شمار مواقع ہیں، پاکستان کے شمالی علاققوں میں سب سے زیادہ پرکشش اور شاندار پہاڑی سلسلے اور خوبصورت جھیلیں ہیں، علاوہ ازیں مذہبی سیاحت کے لیے بھی تاریخی مقامات ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا اوورسیز پاکستانیوں نے نہایت بے سروسامانی کے عالم میں ایک بالکل نئے ماحول اور دنیا کے انتہائی ترقی یافتہ ممالک میں جاکر اپنی شبانہ روز محنت سے اپنے لیے ایک شاندار اور باعزت مقام حاصل کیا اور وہاں کی معیشت، سیاست، اسپورٹس اور صحت کے علاوہ سماجی شعبوں میں بے پناہ خدمات انجام دی ہیں۔ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ بھیج کر اپنے آبائی ملک کی معیشت کو مضبوط بناتے رہے ہیں۔ یہاں ہزاروں، لاکھوں خاندانوں کی کفالت بھی کررہے ہیں، جس پر پاکستان کو آپ پر فخر ہے۔

چوہدری فخر اقبال کے ساتھ وفد میں چوہدری خالد جاوید اور میاں مظہر اختر بھی موجود تھے، جبکہ اس موقع پر چوہدری وسیم اختر، وائس پریذیڈنٹ اوورسیز کمیشن بھی ہمراہ رہے۔ وفد نے کورونا وبا کے پس منظر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل، سفر کے معاملات اور ان کے حل کے حوالے سے گفتگو کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes