برطانوی معاشرے میں پاکستانی خواتین کا کردار مثالی ہے جسے مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے؛ میئر مانچسٹر – Kashmir Link London

برطانوی معاشرے میں پاکستانی خواتین کا کردار مثالی ہے جسے مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے؛ میئر مانچسٹر

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی نے سماجی رابطوں میں تیزی کر دی ہے، شمال مغربی انگلستان کی پاکستانی و کشمیری نژاد کمیونٹی بھی اس موقع پر متحرک ہوچکی ہے۔ کمیونٹی رہنما ملک عمران خلیل کی جانب سے خاتون رہنما رضیہ چوہدری کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں میئر مانچسٹر عابد چوہان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

اس موقع پر شرکا کا ماننا تھا کہ برطانوی معاشرے میں پاکستانی خواتین کے کردار کو مزید فعال بنانے کے لیے سنجیدگی اور مضبوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ رضیہ چوہدری کا کہنا تھا کہ کمیونٹی اور بالخصوص خواتین کے حقوق کی آگاہی کے لیے ضروری ہے ہم مل بیٹھ کر بات چیت کریں کیونکہ خواتین کا معاشرے میں کلیدی کردار ہے اور ہمارے معاشرے میں خواتین شعبہ ہائے زندگی کے ہر میدان میں کم سرگرم ہیں انکی حوصلہ افزائی ضروری ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل اور خواتین برطانوی معاشرے میں مرکزی کردار ادا کرسکیں۔

تقریب کے میزبان عمران خلیل نے کہا کہ رضیہ چوہدری کی کمیونٹی اور بالخصوص خواتین کے لیے خدمات قابل تعریف و فخر ہیں ہم نے آج ملکر مشترکہ لائحہ عمل اپنایا ہے کہ ہم کیسے اپنی خواتین کو معاشرے میں کلیدی کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں امید ہے ہماری حکمت عملی کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

مئیر مانچسٹر کونسل عابد چوہان کا کہنا تھا کہ رضیہ چوہدری کی سماجی خدمات قابل تعریف ہیں۔ آصف بٹ کا کہنا تھا کہ بڑے عرصے بعد ہم اکٹھے ہوئے ہیں سب سے ملاقات کر کے اچھا لگا۔ صدر تحریک انصاف برطانیہ رانا عبد الستار کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے بعد پہلی دفعہ ہم اکٹھے ہوئے ہیں اور امید ہے یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔علی عون اور بابر افتخار نے بھی بیٹھک کو خوشگوار قرار دیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes