لیبر پارٹی رہنما پارٹی پالیسی میں کشمیر کو شامل کریں: تحریک حق خودارادیت – Kashmir Link London

لیبر پارٹی رہنما پارٹی پالیسی میں کشمیر کو شامل کریں: تحریک حق خودارادیت

برائٹن (محمد فیاض بشیر) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی لیبر پارٹی لیڈر ایم پی جیریمی کوربن سمیت برطانیہ کے شیڈو وزراء، ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں، تحریک حق خود ارادیت کی ٹیم لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر کشمیر کے حوالے سے لابی میں مصروف ہے۔ تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں وفد نے لیبر پارٹی لیڈر کے علاوہ شیڈو وزیر خارجہ ایم پی ایملی تھارنبری، شیڈو سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ایم پی اینڈریو گوون، شیڈو سیکرٹری برائے آئر لینڈ ایم پی ٹونی لائیڈ اور دیگر سے ملاقاتیں کر کے انہیں کشمیر کی تازہ صورتحال، کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ راجہ نجابت حسین نے لیبر پارٹی لیڈر اور پارٹی رہنماؤں و ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ لیبر پارٹی کی پالیسی میں کشمیر کو شامل کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔ لیبر پارٹی نے 1995ء میں کشمیر کے حوالے سے جو قرارداد پاس کی تھی اس پر عمل کا بھی مطالبہ کیا جائے۔ راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم نے جہاں ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کر کے کشمیر کے حوالے سے ان کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا وہیں انہیں 24ستمبر کو کشمیر کے حوالے سے ہونے والی خصوصی تقریب اور بریفنگ میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پرچیئرمین راجہ نجابت حسین، سیکرٹری جنرل محمد اعظم اور کونسلر یاسمین ڈار نے متعدد ممبران پارلیمنٹ کودعوت دی کہ وہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا دورہ بھی کریں اور برطانوی حکومت پر دباؤ ڈالنے اور اکتوبر میں برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر مفصل بحث کیلئے کی جانے والی لابی میں تعاون کریں۔ اس موقع پر لیبر پارٹی کے لیڈر ایم پی جیریمی کوربن نے راجہ نجابت حسین اور وفد سے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر بھارتی ہائی کمیشن سے ملاقات کر کے انہیں اپنے موقف سے آگاہ کیا ہے جلد پاکستانی ہائی کمیشن سے ملاقات کی جائے گی۔ تمام ممبران پارلیمنٹ نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول میں معاونت کا یقین دلایا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس میں تحریک حق خود ارادیت کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، کونسلر صبیحہ خان، کونسلر نویدہ خان، ذیشان عارف اور کونسلر کنیز اختر نے بھی شیڈو وزیر تعلیم ایم پی انجیلا، شیڈو وزراء ایم پی ناز شاہ، ایم پی افضل خان، ایم پی ٹریسی برائین، ایم پی جیت سنگھ، ایم پی جولی کوپر، سابق وزیر خارجہ ایم پی مارگریٹ، ایم پی جوڈی کرٹس، شیڈو وزیر برائے یورپ خالد محمود، کونسلر لیاقت علی، چوہدری شوکت علی اور دیگر متعدد مندوبین سے ملاقاتیں کر کے انہیں کشمیر کے حوالے سے برطانیہ بھر میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر معاونت اورکردار ادا کرنے کے ساتھ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے لیبر پارٹی اور پارلیمنٹ میں حمایت کی اپیل کی۔ لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس کے دوران کشمیر لابی کے حوالے سے متعدد اجلاس منعقد ہو رہے ہیں۔ سب اہم اجلاس 24ستمبر کو شام منعقد ہو گا جس میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا خصوصی شرکت کریں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes