کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں سے نوجوان نسل منفی سوچ سے بچی رہتی ہے؛ کونسلر چوہدری آفتاب – Kashmir Link London

کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں سے نوجوان نسل منفی سوچ سے بچی رہتی ہے؛ کونسلر چوہدری آفتاب

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی مادر وطن کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو خراج تحسین و عقیدت پیش کرنے کے لیے انکی یاد میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کروا کے کھلیوں کی سرگرمیوں میں انکی خدمات کو سراہانے میں مثالی کردار ادا کرتے ہیں۔ خطہ پوٹھوار اور پاکستان بھر میں شوٹنگ والی بال کے مایہ ناز کھلاڑی چوہدری محسن فاروق اور چوہدری پرویز اختر مرحوم کی یاد میں پاکستانی کمیونٹی سنٹر اولڈہم میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں برطانیہ بھر کی آٹھ چوٹی کی ٹیموں کے ساتھ بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کر کے عظیم کھلاڑیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر مہمانان خصوصی کونسلر چوہدری آفتاب حسین کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوان نسل منفی سرگرمیوں کی بجائے کھیل جیسی صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ پاکستانی کمیونٹی سنٹر کے منیجر کونسلر محمد الیاس کا کہنا تھا کہ تمام منتظمین اور کھلاڑیوں نے انتہائی خوش اسلوبی سے اپنا فرض سر انجام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی سنٹر اس طرح کی صحت مند جسمانی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے سہولت فراہم کرنے میں معاونت کرتی رہے گی۔ چوہدری سکندر کا کہنا تھا کہ ایسے ٹورنامنٹ کا انعقاد کمیونٹی کے لیے مفید ہے اس سے نوجوان نسل غلط کاموں کی بجائے مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں ہمیں مستقبل میں اس طرح کی صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد تواتر سے کروانا چاہیے۔

انیس الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد شوٹنگ والی بال کے عظیم ناموں کی یاد میں تھا انہوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے پوری دنیا تک پہنچاتے ہیں ۔ٹورنامنٹ کے منتظم شاہد حسین نے پاکستانی کمیونٹی سنٹر اولڈہم کی انتظامیہ برطانیہ بھر سے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں اور شائقین کا دلی شکریہ ادا کیا جنکے تعاون سے ٹورنامنٹ کامیاب ہوا ۔ چوہدری اخلاق شوٹنگ والی بال کلب اولڈہم نے دلچسپ مقابلے کے بعد فائنل جیت کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا جبکہ مانی کلب دوسرے نمبر پر رہی۔ مہمانان خصوصی نے جیتنے اور ہارنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔پاکستان شوٹنگ والی بال کے عظیم سپوتوں چوہدری محسن فاروق اور چوہدری پرویز اختر مرحوم کی یاد میں ٹورنامنٹ کا انعقاد برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کا مادر وطن سے والہانہ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes