کنزروٹیوز کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر ’کشمیر مارچ‘؛ بھارتی مظالم کیخلاف شدید نعرے بازی – Kashmir Link London

کنزروٹیوز کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر ’کشمیر مارچ‘؛ بھارتی مظالم کیخلاف شدید نعرے بازی

مانچسٹر (کشمیر لنک نیوز) برطانیہ کی برسراقتدارجماعت کنزروٹیو کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ کی کال پر ممبر آف پارلیمنٹ ڈپٹی شیڈو لیڈر ہاؤس آف کامنز افضل خان ، تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، کشمیر رابطہ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ مفتی فضل احمد قادری ، خواجہ محمد سلیمان، تحریک انصاف یارک شائر کے صدر آصف بٹ، مسلم کانفرنس کے سابق صدر چوہدری بشیر رٹوی نے کشمیر مارچ میں شرکت کی۔

ممبر آف پارلیمنٹ افضل خان نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کو مداخلت کرنی ہوگی۔ مسئلہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ مسئلہ نہیں، اقوام متحدہ نے مسئلہ کے حل کے لیے قرادادیں منظور کی تھیں، بھارت عالمی معاہدوں کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ دس لاکھ بھارتی فوج نے قتل عام شروع کر رکھاہے۔ بھارتی حکمرانوں کے عزائم خطے کے امن کےلیے شدید خطرہ ہے ،بھارت پر سیاسی اور سفارتی دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے اور برطانوی حکومت کو اس میں اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا برطانیہ سکیورٹی کونسل کا مستقل ممبر ہے برطانیہ نے کشمیریوں کو 1947میں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے حق دیا ہوتا تو 74 سالوں میں پانچ لاکھ کشمیر بھارتی دہشتگردی کا نشانہ نہ بنتے، نریندر مودی کے اندر کوئی انسانیت نہیں، شہید اعظم سید علی گیلانی کی میت اور فیملی کے ساتھ جو توہین آمیز سلوک کیاگیا ماضی قریب میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ،کشمیری اپنے حق خودارادیت کےلیے جدوجہد کر رہے ہیں، عالمی معاہدوں اور بھارتی وعدوں پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔ بھارت انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے، اس کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگائی جائیں، اسلحہ فروخت نہ کیا جائے۔

مفتی فضل احمد قادری، خواجہ محمد سلیمان، آصف بٹ، چوہدری بشیر رٹوی نے کہا کہ برطانیہ اپنے سفارتی تعلقات کو بروے کار لا کر بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ مذاکرات اور امن کا راستہ اختیار کرے۔ مارچ میں مختلف شہروں سے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے سرکرد رہنمائوں، تحریک کشمیر برطانیہ ڈربی برانچ کے صدر چوہدری محمد فاروق،سپارک بروک برمنگھم کے صدر مجاہد حسین ، تحریک کشمیر برطانیہ کے مرکزی رہنما خلیل بٹ، چوہدری محمد اکرام،سید خالد عباس، آلم راک برمنگھم کے صدر رقیب حسین،راجہ طارق محمود، خلیل چیچی،راجہ فیصل، مشتاق حسین، انصر راجہ نے بھی شرکت کی، کشمیر مارچ کے شرکاء نے بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف نعرے لگائے، شرکا مختلف بینرز، کتبے، شہید سید علی گیلانی کی تصاویر اور کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے کہ بھارتی فوج کشمیر سے نکل جائے، مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes