آج کے دور میں آقائے دو جہاں کی تعلیمات کا درس دینا بہت بڑی سعادت ہے، مولانا قاری زاہد شریف – Kashmir Link London

آج کے دور میں آقائے دو جہاں کی تعلیمات کا درس دینا بہت بڑی سعادت ہے، مولانا قاری زاہد شریف

آشٹن انڈر لائن (محمد فیاض بشیر)مولائے کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانے اور عالمی سطح پر دین اسلام کی مثبت تصویر کشی پیش کرنے کے لیے برطانیہ کی ممتاز مذہبی و سماجی شخصیت حاجی محمد اشفاق وارثی کی رہائش گاہ پر محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد ہوا جس میں آشٹن سنٹرل مسجد کے امام مولانا قاری زاہد شریف کے علاوہ نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر مولانا قاری زاہد شریف نے کہا کہ آج کے دور میں پورے عالم میں لوگ کفر و شرک میں مبتلا ہیں ایسے میں آقائے دو جہاں کی تعلیمات کا درس دینا اور اس پر عمل پیرا ہونا ہمارے لیے بہت بڑی سعادت ہے اللہ تعالیٰ ہماری حاضری قبول فرمائے۔ عثمان فرزند کا کہنا تھا کہ میں نوجوانوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ایسی محافل میں شریک ہو کر آقائے کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیدار کے ساتھ روحانی محفل میں حاضری بھی ہو سکے۔

میزبان حاجی محمد اشفاق وارثی نے تمام مہمانوں کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دعائے رب العالمین ہے کہ سب کی مشکلات کو آسان فرمائے ۔ روحانی محفل کی رونق کو دوبالا کرنے کے لیے نوجوان نعت خواں محمد شہباز قادری ۔ حاجی عبد القیوم، بابا شبیر راٹھور اور حاجی محمد اشفاق وارثی نے اپنی خوبصورت آواز سے گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کر کے حاضرین کے روح کو ایمان کی جلا بخشی۔

دعا کے بعد حاضرین محفل کی تواضع خصوصی لنگر سے کی گئ۔حاجی محمد اشفاق وارثی نے آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو انسانیت اور نوجوان نسل تک پہنچانے کے لیے محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سجا کر دین اسلام و انسانیت کی خدمت کے جذبے کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes