جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کا کشمیر لابی مہم کے سلسلہ میں مختلف تقریبات کے انعقاد کا اعلان – Kashmir Link London

جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کا کشمیر لابی مہم کے سلسلہ میں مختلف تقریبات کے انعقاد کا اعلان

مانچسٹر ( محمد فیاض بشیر) جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کشمیر کی موجودہ صورتحال میں یوم حق خودارادیت کے موقع پر انٹرنیشنل پارلیمنٹری کانفرنس کا انعقاد کرے گی، انٹرنیشنل پارلیمنٹری کانفرنس میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے علاوہ وفاقی وزراء، سینیٹرز، برطانیہ اور یورپ کے ممبران پارلیمنٹ خطاب کریں گے، 5 جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پر تحریک حق خودارادیت کا ہفتہ حق خودارادیت منانے کا اعلان کرتے ہوئے لابی مہم کے سلسلہ میں مختلف تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے انٹرنیشنل پارلیمنٹری کانفرنس اور دیگر تقریبات میں شرکت کے لیے برطانیہ کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں اور یورپین و برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو خطوط اور ای میل کے ذریعے کانفرنس و تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔ اس حوالے سے راجہ نجابت حسین کی قیادت میں یوتھ چیئرمین ذیشان عارف نے ایم پی اینڈریو گوائن چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر اور کلر ایلیسن گیوین سے ملاقات کی اور کشمیر کی تازہ صورتحال کے علاوہ برطانیہ، پاکستان میں کشمیر پر JKSDMI کی مستقبل کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، بریڈ فورڈ کے سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق، ذیشان عارف چیئرمین یوتھ ونگ JKSDMIUK اور ٹی وی اینکر اعجاز فضل نے شیڈو وزیر ایم پی افضل خان سے مانچسٹر میں ملاقات کی اور کشمیر کے مستقبل کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، سرپرست سردار عبدالرحمن خان، بریڈ فورڈ کے سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق اور راجہ محمد ریاض آف بری نے ایم پی جیمز ڈیلی شریک چیئرمین کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر سے کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی ملاقات کی۔

دریں اثناء بریڈفورڈ میں جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے آزاد کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بابر علی ایڈووکیٹ کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں شیڈو وزیر ایم پی بیرسٹر عمران حسین ایم پی، ایم پی محمد یاسین، ایم پی ناز شاہ، مقامی کونسلرز اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی شرکت کی۔ اس موقع پر ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتوں اور رابطوں کے بعد راجہ نجابت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک حق خودارادیت اپنی لابی مہم کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لابی کر کے ممبران پارلیمنٹ، پروفیشنلز، انسانی حقوق کے ارکان، کونسلرز کو کشمیریوں کے حق میں معاون بنایا جائے اور انہیں متحرک کیا جائے۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ کشمیر میں بھارت مسلسل نسل کشی کر رہا ہے، نوجوانوں کو ٹارگٹ کر کے شہید کیا جا رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر نہتے کشمیری بھارتی فورسز کی درندگی کا شکار ہو رہے ہیں، کشمیری عوام ہر طرح کے جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ عالمی برادری اور عالمی اداروں کی جانب سے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کشمیر کے مسئلہ پر انسانی بنیادوں پر توجہ دینا ہوگی۔

50% LikesVS
50% Dislikes