اوورسیز کے عطیات و صدقات کی بدولت ہزاروں خاندان کی کفالت ممکن ہورہی ہے؛ افضل خان ایم پی – Kashmir Link London

اوورسیز کے عطیات و صدقات کی بدولت ہزاروں خاندان کی کفالت ممکن ہورہی ہے؛ افضل خان ایم پی

مانچسٹر (کشمیر لنک نیوز) رمضان برکتوں کے ساتھ غمگساری کا مہینہ بھی ہے۔ مسلمان کمیونٹی سخاوت میں اپنی مثال آپ ہے جو ہر سال ملین پاؤنڈز کی خیرات کرتی ہے۔ ہاشم ویلفیئر ٹرسٹ کے دائرہ کار میں اضافہ ہو رہا ہے اور زیادہ سے زیادہ مستحق لوگ صحت کی مفت سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شیڈو وزیر انصاف افضل خان نے ڈاکٹر عثمان خاں کی طرف سے ڈاکٹرز اور بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں مانچسٹر کے مقامی ہال میں افطار ڈنر کے اہتمام پر کیا،اس موقع پر ہاشم ویلفیئر ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی۔

ہاشم ویلفیئر ٹرسٹ تحصیل کھاریاں کے چھوٹے سے گاؤں پنڈی ہاشم میں واقع ہے جو گزشتہ 20سال سے صحت کی بنیادی سہولیات مفت فراہم کر رہا ہے۔ افطار ڈنر اور فنڈز ریزنگ تقریب میں شیڈو وزیر انصاف محمد افضل خان، پاکستانی ایسوسی ایشن برطانیہ کے ارکان ڈاکٹر محمد اقبال، ڈاکٹر ایاز اصغر، ڈاکٹر عرفان رشید، ڈاکٹر ریحان نقوی، ڈاکٹر اشتیاق اخلاق، ڈاکٹر وحید ظفر، ڈاکٹر حاطف، ڈاکٹر عنبرین، ڈاکٹر وقار احمد، ڈاکٹر خورشید اختر، ڈاکٹر شاہینہ الطاف، ڈاکٹر عمیر رؤف، ڈاکٹر تیمور مرزا، ڈاکٹر طاہر محمود، ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈاکٹر حامد کیانی، ڈاکٹر احمد سعید، ڈاکٹر ظل ہما غوری، ڈاکٹر محمد یونس پرواز، ڈاکٹر نائلہ دودی، چوہدری زاہد اقبال، پاکستان کے معروف کرکٹر حسن علی اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ قریب میں ہاشم ہسپتال کےلیے فنڈ جمع کیے گئے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ادریس اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاشم ٹرسٹ ہسپتال سے 20برس پہلے تعارف ہوا تھا تب ان کا کام بہت چھوٹے پیمانے پر تھا۔ اب اللہ کے کرم اور پاکستانیوں کے تعاون سے زیادہ سے زیادہ لوگ صحت کی مفت سہولیات حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کی کوشش کریں۔ ہاشم ٹرسٹ میں اب تک 3لاکھ مریضوں کا علاج ہو چکا ہے۔ اب توسیع کی ضرورت ہے جس کے لیے فنڈ ریزنگ کر رہے ہیں۔ پاکستان اور مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں اور اللہ کی راہ میں خرچ کریں، کیونکہ اللہ کے راستے میں خرچ کرنے سے کبھی کچھ ضائع نہیں ہوتا۔

ڈاکٹر ایاز اصغر نے کہا کہ ہم پرفیشنل لوگ ہیں اور ہم پاکستان سے پڑھ کرآئے ہیں اور پاکستان کی وجہ سے ہماری عزت بڑھی ہے اور اب ہمیں پاکستان کو واپس کرنا ہے تو ہم اسی صورت میں واپس کرسکتے ہیں جس طرح ڈاکٹر ادریس اعوان اپنے گاؤں میں20سالوں سے لوگوں کو بنیادی صحت کی مفت خدمات فراہم کررہے ہیں۔ افطار ڈنر میں ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے تلاوت قرآن پاک پیش کی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں ہدیہ نعت پیش کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes