پختون ایسوسی ایشن مانچسٹر کے زیراہتمام عید ملن پارٹی، پاکستانی قونصل جنرل مانچسٹر سمیت اہم شخصیات کی شرکت – Kashmir Link London

پختون ایسوسی ایشن مانچسٹر کے زیراہتمام عید ملن پارٹی، پاکستانی قونصل جنرل مانچسٹر سمیت اہم شخصیات کی شرکت

مانچسٹر(کشمیر لنک نیوز) پختون ایسوسی ایشن مانچسٹر کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پاکستانی قونصل جنرل مانچسٹر ڈاکٹر طارق وزیر خان، شیر خان،رفیق خان،عوامی نیشنل پارٹی یوکے کے صدر محفوظ جان،جان شیر خان،اکرام خان،شیر بہادر خان،موسیٰ خان،رشید خان،شمس صافی،سجاد خان،ڈاکٹر داؤد شاہ،محمد زاہد خان،گیگا سنگھ سمیت سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔اس موقع پر شیڈو وزیر انصاف محمد افضل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی برطانیہ میں کئی دہائیوں سے مقیم ہے اور اپنی شناخت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے لوگ بہت محنتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان مختلف شعبوں میں اپنی اعلیٰ کارکردگی سے وطن کا نام روشن کریں۔ ہم پاکستان کے سفیر ہیں اور پاکستان ہی کی ترجمانی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو تعلیم مکمل کر کے ہر شعبے میں آگے آنا چاہئے تاکہ اپنا اور وطنِ عزیز کا نام روشن کرسکیں۔ عوامی نیشنل پارٹی یوکے کے صدر محفوظ جان نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پختون کمیونٹی ایک چھت کے نیچے عید کی خوشیاں منارہی ہے اور اتفاق و اتحاد کے ساتھ دوسری کمیونٹیز کو اپنی خوشیوں میں شامل کررہی ہے۔

قونصل جنرل طارق وزیر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قونصلیٹ کے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں اور ہمیں حکومت پاکستان نے آپ کی خدمت کے لیے بھیجا ہے، ہماری کوشش ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کام کریں۔ سفارت خانے کی خدمات سب کے لیے یکساں ہیں۔ شیر خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اتفاق اور اتحاد سے رہنا ہے اور دوسروں کی خدمت میں آگے بڑھنا ہے اور اپنی نوجوان نسل کو اچھا شہری بنانا ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی بہتر خدمت انجام دے سکیں۔ علامہ ظفر نے وطن عزیزکے استحکام اور خوشحالی کیلئے دعا کی ۔

50% LikesVS
50% Dislikes