راچڈیل (محمد فیاض بشیر) حضرت امام حسین علیہ السلام و شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے راچڈیل میلاد کمیٹی کی جانب سنہری مسجد میں روحانی محفل کا انعقاد ہوا جس میں راچڈیل کی مساجد کے علمائے کرام اور اہل ایمان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مولانا محمد عرفان چشتی نے کہا کہ سیدنا امام حسین علیہ السلام نے دین اسلام بچانے کے لیے جو قربانی دی ہمیں اس پیغام کو اپنی نوجوان نسل تک پہنچانا چاہیے ۔ امام فہیم سجاد قادری راچڈیل میلاد کمیٹی مقامی سطح پر تمام مساجد میں محرم الحرام کی محافل کا انعقاد کرواتی ہے اور حضرت امام حسین علیہ السلام کے حق و سچ کے لیے علم بلند کرنے اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچاتی ہے۔ راچڈیل میلاد کمیٹی کے چئیرمن قاری عبد الرؤف نقشبندی کا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا نے حق و سچ کا علم بلند کرتے ہوئے دین اسلام کو بچایا اسی وجہ سے آج اور تاقیامت دین قائم رہے گا ۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ اقدس میں دعا ہے کہ شہدائے کربلا کے صدقے امت مسلمہ پر رحم و کرم فرمانے کے ساتھ فلسطین کشمیر کے مسلمانوں کو آزادی نصیب کرے ۔ محمد عمران عالم قادری اور امام محمد اسد کا کہنا تھا کہ راچڈیل میلاد کمیٹی ہر مذہبی تہوار پر اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کرتی ہے اسی وجہ سے روحانی محفل کا سلسلہ تواتر سے جاری رہتا ہے ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کی دین کے لیے لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے ۔ میلاد کمیٹی کے مرکزی رکن حاجی فاروق کا کہنا تھا کہ ہماری کمیٹی کے اندر مثالی اتحاد و اتفاق ہے جسکی مثال برطانیہ بھر میں نہیں ملتی اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں مستقبل میں بھی اتحاد و اتفاق سے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ محفل کے اختتام پر حسینی لنگر بھی تقسیم کیا گیا ۔راچڈیل میلاد کمیٹی کے زیر انتظام مقامی مساجد میں شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے روحانی محافل کا انعقاد باہمی اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ ہے۔
اوورسیز کمیونٹی کی سرگرمیاں
Load/Hide Comments