آشٹن گروپ کی جانب سے پوٹھوہاری محفل شعر خوانی کا انعقاد، نوجوانوں کی بھرپور شرکت

آشٹن انڈر لائن (محمد فیاض بشیر) آشٹن گروپ کی جانب سے مقامی رگبی کلب پوٹھوہاری محفل شعر خوانی کا انعقاد ہوا چوہدری احتشام اکرم گجر اور چوہدری حفیظ گجر نے عشق حقیقی و مجازی کے اشعار ترنم سے گا کر حاضرین کو محظوظ کیا ۔ مٹکے کی تال اور سازینے کی دھن جب فضاؤں میں بکھری تو اس نے پورے ہال کے ماحول کو رنگین بنا دیا پوٹھواری اشعار سے دلی لگاؤ رکھنے والے شائقین جو برطانیہ بھر کے مختلف شہروں سے آئے داد دے بغیر نہ رہ سکے۔
الحاج محمد اشفاق وارثی نے بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کر کے محفل میں شریک افراد کی روح کو تازگی بخشی۔ اس موقع پر پاکستان سے خصوصی طور پر برطانیہ کے دورے پر آئے شعر خواں چوہدری احتشام اکرم گجر کا کہنا تھا کہ جب وہ برطانیہ آنے کی تیاری کر رہے تھے تو پہلا پروگرام آشٹن گروپ کے ساتھ طے پایا انکا کہنا تھا پاکستانی کمیونٹی دیار غیر میں اپنی ثقافت کو فروغ دینے کے ساتھ شعر خوانی سے خوب لطف اندوز ہو رہی ہے ۔


آشٹن گروپ کے حاجی قیوم کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ماں بولی پوٹھواری زبان کو فروغ دینے کے ساتھ اپنی نوجوان نسل کو اس کے ساتھ لگاؤ کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ حاجی ازرم کا کہنا تھا کہ خطہ پوٹھوہار اور کشمیر کے بسنے والی کمیونٹی کے لیے پوٹھواری اشعار کی محفل کے انعقاد کا مقصد نوجوان نسل کا مادری زبان سے ناطہ جڑا رہے عرصہ دراز کے بعد ایک دوسرے سے میل جول کا موقع بھی ملا۔
پروگرام میں شریک وقاص قیوم، فیاض اور مرزا خالد محمود کا کہنا تھا کہ ایسی محفل کا مقصد اپنی مادری زبان کو فروغ دنیا اور نوجوانوں کو اس سے روشناس کروانا ہے ۔ سیاسی کاروباری شخصیت میاں عبدالرشید، چوہدری جاوید ،چوہدری ارشد شیفیلڈ، راجہ وحید لہڑی نے خصوصی شرکت بھی کی۔ خطہ پوٹھوہار کی برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی اپنی مادری زبان سے نوجوان نسل کا ناطہ جوڑے رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرنے میں پیش پیش ہے۔