کمیونٹی میں اتحاد و اتفاق قائم کرنے میں مرحوم کا کردار نمایاں تھا، چوہدری خالد انور کنگ کو خراج عقیدت

اولڈہم (محمد فیاض بشیر)ممتاز سماجی مذہبی شخصیت چوہدری خالد انور کنگ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مدینہ جامع مسجد اولڈہم میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ مولانا قاری خادم حسین چشتی نے خصوصی شرکت کی ۔امام علامہ ظہور احمد چشتی نے صدارت کی جبکہ پرنس نسیم نے آقائے کائنات کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ سابق مئیر اولڈہم کونسلر چوہدری ریاض احمد ، مسرت چوہدری ، چوہدری الطاف شاہد سدھو ، عبد الرحمٰن خیال ، راجہ امجد اور برطانوی پولیس میں خدمات انجام دینے والے چوہدری خالد انور مرحوم کے بھانجے عابد حسین کے علاوہ کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور رفقا دوست احباب اور اہل خانہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر مولانا قاری خادم حسین چشتی کا کہنا تھا کہ مرحوم ہر دلعزیز شخصیت تھے پس پردہ غرباء اور بے سہاروں کی مدد کرتے تھے انکا کہنا تھا کہ کمیونٹی کے اندر اتحاد و اتفاق کی فضا قائم کرنے میں انکا کردار نمایاں تھا جو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ چوہدری ریاض احمد کا کہنا تھا کہ انکی کمیونٹی کے لیے بے پناہ خدمات تھیں میرے لیے مشعل راہ اور سیاست میں کامیابی کا انکا بڑا عمل دخل تھا۔ مسرت چوہدری کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کو جوڑنے میں انکا کردار مثالی تھا ایسے لوگ دنیا میں کبھی کبھی آتے ہیں ۔ چوہدری الطاف شاہد سدھو نے کہا جب بھی ان سے ملاقات کا شرف ہوا ہمیشہ کمیونٹی کے اندر صلح و صفائی کی بات کی کمیونٹی کے لیے انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

چوہدری خالد انور مرحوم کے بھانجے عابد حسین کا کہنا تھا کہ وہ خاندان کے لیے قیمتی اثاثہ تھے کمیونٹی کے اندر اتحاد و اتفاق کو فروغ دیا وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ راجہ امجد نے حضرت علی علیہ السلام کے قول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے زیادہ امیر وہ ہے جسکے اچھے دوست ہوں چوہدری خالد انور مرحوم کے اندر ایسی صفت بہم موجود تھی سماجی شخصیت کے ساتھ کمیونٹی کا قیمتی سرمایہ تھے۔سماجی نوجوان شخصیت محمد سرور نے بھی شرکت کی ۔چوہدری خالد انور کنگ مرحوم کی سماجی و کمیونٹی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین و عقیدت پیش کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں میں اپنی حیات میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے اور ضرورت مندوں کی مدد کو اپنی زندگی کا طرہ امتیاز بنایا۔