لیبر پارٹی کی کشمیری نژاد خاتون رہنماء تیسری بار نیشنل ایگزیکٹیو کمیٹی کی رکن منتخب – Kashmir Link London

لیبر پارٹی کی کشمیری نژاد خاتون رہنماء تیسری بار نیشنل ایگزیکٹیو کمیٹی کی رکن منتخب

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر ) برطانوی لیبر پارٹی کی کشمیری نژاد معروف خاتون رہنماء و جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار لیبر پارٹی ‘کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی تیسری بار رکن منتخب ہوگئیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے تمام ووٹرز، سپورٹرز اور بہی خواہوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔


لیبر پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات منعقد میں برطانیہ بھر سے ایگزیکٹو کمیٹی کے کامیاب ممبران کا اعلان کیا گیا ۔ اعلان کے مطابق معروف کشمیری نژاد خاتون رہنماء مانچسٹر سے کونسلر یاسمین ڈار تیسری مرتبہ نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن منتخب ہوئی ہیں ۔ واضح رہے کہ کونسلر یاسمین ڈار کشمیری تنظیم جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی برطانیہ کی روح رواں بھی ہیں ۔

کونسلر یاسمین ڈار اس سے قبل بھی دو مرتبہ لیبر پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی منتخب رکن رہ چکی ہیں ۔نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی لیبر پارٹی کا پالیسی ساز با اختیار فورم ہے ۔ اس کمیٹی کے ممبران کے انتخاب کے لئے لیبر پارٹی کے ممبران ، پارلیمنٹ کے ارکان سمیت کونسلرز، مئیرز بھی اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہیں ۔ کونسلر یاسمین ڈار نے برطانیہ میں نا صرف وہاں کی مقامی سیاست اور کمیونٹی میں ایک متحرک اور فعال کردار ادا کرتے ہوئے مانچسٹر کی کونسل میں مسلسل کونسلر منتخب ہوتی رہیں بلکہ لیبر پارٹی کی مقامی سیاست سے لے کر مرکزی ملکی سطح کی سیاست میں بھرپور محنت اور کوشش سے اپنا نام بنایااور اپنی محنت اور کام کی بدولت نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی جیسے بڑے فورم کی ممبر بھی منتخب ہونے میں کامیاب ہوئیں گذشتہ روز تیسری مرتبہ دو سال کے لئے وہ ایک بار پھر لیبر پارٹی کے اس بڑے فورم کی ممبر منتخب ہوئی۔

دریں اثناء کونسلر یاسمین ڈار کا لیبر پارٹی کی رکن بننے پر وہاں کی لیبر پارٹی کے ارکان اور مقامی کمیونٹی کے علاوہ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی پوری ٹیم جن میں چیئرمین راجہ نجابت حسین ، سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمن خان ، سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، سابق مئیر راجہ غضنفر خالق ، امجد حسین مغل ، آسیہ حسین ، شاہدہ جرال ، کونسلر صبیحہ خان ، یوتھ چیئرمین ذیشان عارف اور دیگر نے کونسلر یاسمین ڈار کو لیبر پارٹی کی نیشنل ایگزیکتو کمیٹی کا ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے لیبر پارٹی کے ارکان کا کونسلر یاسمین ڈار کے انتخاب پر خیر مقدم کیا ۔

50% LikesVS
50% Dislikes