حکومت لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے مقامی کونسلوں کو برابری کی بنیاد پر امداد دے: شعیب اختر – Kashmir Link London

حکومت لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے مقامی کونسلوں کو برابری کی بنیاد پر امداد دے: شعیب اختر

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) برطانیہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے مریضوں کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ برطانیہ بھر کی تمام کونسلوں میں سے اولڈہم کونسل کورونا وائرس کے مریضوں میں پہلے نمبر پر تھی لیکن کونسل کی انتھک محنت اور لوگوں کے دروازوں پر دستک دے کر کورونا وائرس بارے آگاہی دینے سے اب اولڈہم کونسل نچلے درجے میں شامل ہو گئی ہے۔

اس بارے اولڈہم کونسل کے سابق مئیر کونسلر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر اب ہم سب سے نیچے ہیں اسکی بنیادی وجہ کمیونٹی کو باخبر کرنا تھا کہ اس بیماری کو سنجیدگی سے لیں اور ایک دوسرے سے ملنے جلنے سے گرہیز کریں ۔ قومی سطح پرکورونا وائرس کی حکمت عملی بارے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص حکمت کی وجہ سے اس وقت ہم کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے خطرناک صورتحال سے دوچار ہیں ناقص حکمت عملی سے کاروبار متاثر ہو رہے ہیں سکول بند ہیں ہمارے بچوں کا مستقبل خطرے میں ہے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بورس جانسن نے بالاآخر حالات کی نزاکت کو بھانپتے اور سائنسدانوں کی مشاورت سے قومی لاک ڈاؤن کا نفاذ کر کے نیشنل ہیلتھ سروس اور کئی جانوں کی زندگی بچائی ہے۔

سابق کونسلر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران جو کاروباری،پیشہ ور افراد معاشی طور پر متاثر ہوں گے حکومت کو انہیں بھرپور مالی معاونت کرنی چاہیے تاکہ لاک ڈاؤن کے اختتام پر لوگ روزگار سے محروم نہ ہو جائیں ان کا کہنا تھا کہ مقامی کونسلوں کو برابری کی بنیاد پر مالی امداد دی جائے تاکہ وہ مقامی سطح پر لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی ہر طرح سے ممکن مدد کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معمولات زندگی دوبارہ معمول پر لانے کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کو ٹھوس بنیادوں پر تیز کرنا چاہیے تاکہ بحیثیت قوم ہم جلد روانہ کے معمولات زندگی کی طرف لوٹ سکیں اسکے لیے جلد اور موثر اقدامات انتہائی اہم ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes