تہتر سال سے پرامن جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کو انسانی حقوق کی بنیادوں پر انصاف ملنا چاہیئے: امجد ملک – Kashmir Link London

تہتر سال سے پرامن جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کو انسانی حقوق کی بنیادوں پر انصاف ملنا چاہیئے: امجد ملک

راچڈیل (محمد فیاض بشیر) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے مصائب کو یاد کرتے ہوئے معروف قانون دان پاکستان لائیرز ایسوسی ایشن برطانیہ کے چئیرمن بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ بھارت سرکار کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر پوری بین الاقوامی کمیونٹی سراپائے احتجاج ہے اور آئے روز کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم میں کمی نہیں آ رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے بڑھ کر ستم ظریفی یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کر کے کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے باہر سے لوگوں کو وہاں آباد کے جانے کے ساتھ بیرون ممالک سے کاروباری حضرات وہاں پر سرمایہ کر رہے ہیں جبکہ کشمیری عوام کی آواز دبا دی گئ ہے انٹرنیٹ اور دیگر رسل و رسائل کی سہولیات ان سے چھین لی گئ ہیں اور بیرونی دنیا سے انکا رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے ایسی پابندیاں کب تک جاری رہیں گی۔

انکا کہنا تھا دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ بین الاقوامی کمیونٹی کے نمائندگان اور صحافتی برداری کی مقبوضہ کشمیر جانے پر پابندی ہے اس بارے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کشمیری قوم سے اظہار یکجہتی کے ساتھ انکے لیے بھرپور طریقے سے آواز اٹھانی چاہیے وہ لوگ ہماری داد رسی کے جتنے آج مستحق ہیں پہلے کبھی نہیں تھے ۔بین الاقوامی کمیونٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے میں بھرپور کردار ادا کرے ہم انکے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes