راحت فتح علی خان کی لندن میں شاندار پرفارمنس، حاضرین سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل

لندن (مونا بیگ) پاکستان کے معروف گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے برطانوی دارالحکومت لندن میں اپنی پرفارمنس کے دوران حاضرین سے پرزور اپیل کی کہ وہ پاکستان کے حالیہ سیلاب میں متاثر ہونے والی عوام کی دل کھول کر مدد کریں۔ اس سے قبل میئر آف لندن صادق خان نے راحت فتح علی خان سے ملاقات کی اور انہیں لندن آمد پر خوش آمدید کہا۔ جس کے بعد انہوں نے لندن کے او ٹو ایرینا میں ہائوس فل ہجوم کے سامنےدلکش پرفارمنس پیش کی۔

استاد راحت فتح علی خان نے پاکستان کی شوبز کمیونٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اکٹھے ہوں اور سیلاب کے متاثرین کے لئے چندہ جمع کرنا شروع کریں، جن کے پاس کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسی قدرتی آفت سے گھرا ہوا ہے، جس کی قسم اور جسامت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میں فنکار برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ ان لوگوں کی مدد کریں، جو صرف غربت اور بے بسی کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہیں ہماری مدد کی ضرورت ہے۔

راحت فتح علی خان نے او 2 ایرینا میں اپنے بیٹے شاہ زمان علی خان کو اپنے نئے بینڈ ممبر کے طور پر حاضرین سے متعارف کرایا۔ انکے پروموٹر سلمان احمد نے کہا کہ استاد راحت فتح علی پاکستانی قوالوں کی پرانی روایت پر عمل پیرا ہیں۔ ان کے بھائی وجاہت علی خان اور اب ان کے بیٹے شاہ زمان علی خان بھی ان کے ساتھ تمام کنسرٹس میں پرفارم کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں