مسلمان ہوکر نام بدل کر نکاح کرکے بھارتی ڈول گرل راکھی ساونت نے دنیا کو حیران کردیا

لندن (مونا بیگ ) بالی وڈ کی بولڈ سٹار راکھی ساونت نے ایک مسلمان سے شادی کرکے ناصرف اپنے ملک بلکہ دنیا بھر میں تھرتھلی مچادی ہے۔ سوشل میڈیا پر راکھی نے کچھ تصاویر شیئر کیں اور لکھا میں بہت خوش اور پرجوش ہوں، آخر کار میں نے اپنی زندگی کی محبت سے شادی کرلی۔ راکھی کی جانب سے شیئر کردہ تصاویر میں میرج سرٹیفکیٹ بھی ہے جس پر جولائی 2022 کی تاریخ درج ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی شادی گزشتہ برس ہوئی تھی جس کا اعلان انہوں نے اب کیا ہے۔ اداکارہ راکھی ساونت کی شادی والی پوسٹ پر کئی معروف شخصیات اور اداکاروں نے انہیں مبارکباد دی جن میں اداکارہ دیوولینا بھٹاچارجی، پراتیک سہجپال، ماہیما چوہدری، جان کمار سانو، پوترا پونیا اور راجیو اداتیا شامل ہیں۔ اس سب کیساتھ یہ امر بھی ضروری ہے کہ اداکارہ کے نکاح کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں انہیں کلمہ طیبہ اور کلمہ شہادت پڑھایا جارہا ہے، بعدازاں ان کا نکاح پڑھایا جاتا ہے۔
متعلقہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قاضی نے عادل خان درانی کے ہمراہ 51 ہزار 786 حق مہر کے ساتھ اداکارہ کا نکاح پڑھایا۔ دوسری جانب راکھی ساونت کی عادل کے ہمراہ ایک تصویر زیر گردش ہے جس میں وہ نکاح نامہ تھامے کھڑی ہیں، یہ تصویر راکھی نے اپنے اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہے۔ اس نکاح نامے کو قریب سے دیکھا جائے تو اس پر اداکارہ کے معروف نام راکھی ساونت کے ہمراہ فاطمہ لکھا ہے۔