میک اپ آرٹسٹ شعیب خان کا حلیمہ سلطان کو منفرد اندازمیں خراج تحسین – Kashmir Link London

میک اپ آرٹسٹ شعیب خان کا حلیمہ سلطان کو منفرد اندازمیں خراج تحسین

لندن (مونا بیگ) پاکستانی میک اپ آرٹسٹ شعیب خان کی حیرت انگیز تبدیلیوں سے کون واقف نہیں ہے۔ پاکستان کے معروف میک اپ آرٹسٹ شعیب خان نے اس بار شہرہ آفاق ترک سیریز ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والی حلیمہ سلطان کا روپ اپنا لیا ہے۔ اکثر مختلف نامور شخصیات کا روپ دھارنے والے میک اپ آرٹسٹ شعیب خان نے اس بار دُنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی ’حلیمہ سلطان‘ کا روپ اپنایا ہے اور اس ضمن میں اُنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصویریں پوسٹ کی ہیں۔

شعیب خان کی تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُنہوں نے ناصرف حلیمہ سلطان کے جیسا میک اپ کیا ہوا ہے بلکہ اُن کا لباس اور جیولری بھی حلیمہ سلطان کے کردار سے ملتی جلتی ہے۔

انسٹاگرام پر تصویریں پوسٹ کرتے ہوئے شعیب خان نے لکھا کہ ’حلیمہ سلطان ایک ایسا متاثر کن کردار ہے جو نرم مزاج، خوبصورت، ہمدرد، جذباتی اور عقلمند ہونے کے ساتھ ہی آزاد نظم و ضبط کی مالک بھی ہے۔‘

شعیب خان نے لکھا کہ’آج میں اُسی متاثر کُن شخصیت کو اپنے خاص انداز میں خراج تحسین پیش کر رہا ہوں۔‘

میک اپ آرٹسٹ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ اسرا بیلگیچ کو بھی ٹیگ کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میک اپ آرٹسٹ شعیب خان نے بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی فلم ’چھپاک‘ کے مرکزی کردار کا روپ اپنا کر تصویریں انسٹاگرام پر پوسٹ کی تھیں۔ جبکہ وہ ملکہ ترنم نورجہاں کا بھی کامیاب گیٹ اپ اختیار کرکے اپنے چاہنے والوں سے بے پناہ داد حاصل کرچکے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes