پاکستانی اداکار علی خان برطانوی فلم ’’مغل موگلی‘‘میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے – Kashmir Link London

پاکستانی اداکار علی خان برطانوی فلم ’’مغل موگلی‘‘میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے

لندن (مونا بیگ) پاکستانی ڈراموں اور فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار علی خان عرف رض نئی برطانوی فلم ’’مغل موگلی‘‘ میں اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ یہ فلم 30 اکتوبر کو برطانیہ اور آئرلینڈ کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

’’مغل موگلی‘‘ میں نامور پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رضوان عرف ’’رِض‘‘ احمد مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

’’مغل موگلی‘‘ کی کہانی ایک پاکستانی نژاد برطانوی ’’ریپر‘‘ کے گِرد گھومتی ہے جو اپنے میوزک کیرئر کے اہم موڑ پر موذی بیماری کا شکار ہو جاتا ہے۔ علی خان کے مطابق فلم مختلف ثقافتوں کے باہمی تعلقات اور اجتماعی اور انفرادی اختلافات کو سمجھنے کی ایک کوشش ہے۔

’یہ ایک براؤن فیملی کی کہانی ہے جو لندن میں رہتی ہے۔ اِس فلم میں دِکھائے جانے والے واقعات تو برطانیہ میں رونما ہوتے ہیں لیکن جس سوچ کی بات کی جا رہی ہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں پائی جا سکتی ہے۔ لہذا یہ کہانی فلم بینوں کو جذباتی سطح پر متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔‘

’’مغل موگلی‘‘ کا سکرپٹ ہدایت کار بصام طارق اور رِض احمد نے مل کر لکھا ہے۔ کراچی میں پیدا ہونے والے پاکستانی نژاد امریکی بصام طارق ’’مغل موگلی‘‘ سے پہلے کئی مختصر دورانیے کی دستاویزی فلمیں بنا چکے ہیں جنھیں فلمی میلوں میں ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔

’’مغل موگلی‘‘ میں علی خان فلم کے مرکزی کردار ظہیر عرف ’’زیڈ‘‘ کے باپ کا رول نبھا رہے ہیں۔ بشیر نامی اِس کردار کی طرح علی خان بھی اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ پاکستان سے باہر گزار چکے ہیں۔ لیکن اِس مماثلت کے علاوہ وہ بشیر کے کردار اور اپنی حقیقی زندگی کے درمیان کوئی تعلق نہیں دیکھتے۔

’ہم دونوں کی نفسیات بالکل مختلف ہے۔ بشیر کی کُل کائنات لندن کا وہ علاقہ ہے جہاں وہ اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔ اِس کے برعکس میں دنیا گھوم چکا ہوں اور کئی ملکوں میں رہائش اختیار کر چکا ہوں۔ لہذا میرا اور بشیر کا دنیا کو دیکھنے کا نظریہ بالکل الگ ہے۔‘

علی خان مطمئن ہیں کہ اب ’’مغل موگلی‘‘ جیسی بین الاقوامی فلموں میں پاکستانی اداکاروں کو بھی کاسٹ کیا جا رہا ہے۔ اُن کے نزدیک یہ ایک بہت مثبت تبدیلی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes