عدنان صدیقی کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، پاک برطانیہ دوستی کو مزید مستحکم کرنے کا عزم – Kashmir Link London

عدنان صدیقی کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، پاک برطانیہ دوستی کو مزید مستحکم کرنے کا عزم

لندن (مونا بیگ) پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سے ملاقات کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی ہیں۔ سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر عدنان صدیقی نے کچھ تصویریں شیئر کی ہیں جن میں اداکار کے ساتھ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

عدنان صدیقی نے ان تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’ترقی کے اس دور میں مختلف ممالک کے ساتھ ثقافت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تبادلہ خیال کرنا بہت ضروری ہے۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سے ملاقات میں اس بارے میں بات چیت کی گئی کہ ہم نے تعلیم، تفریح اور کرکٹ کے ذریعے پاکستان اور انگلینڈ کے تعلقات کو نئی تحریک دینی ہے۔‘

اُنہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’مسٹر ٹرنر آپ کا شکریہ کہ آپ نے مجھے اپنے ساتھ چائے پینے اور میرے خیالات شیئر کرنے کا موقع دیا۔‘

عدنان صدیقی نے کہا کہ ’آپ سے ملاقات کرنا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔‘ اداکار نے مزید کہا کہ ’میری خواہش ہے کہ ہماری دوستی ذاتی اور سفارتی طور پر فروغ پائے۔‘

دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر نے بھی اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عدنان صدیقی اور عمّارہ حکمت کے ہمراہ تصویر شیئر کی۔

ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’اُنہیں عدنان صدیقی اور عمّارہ حکمت سے ملاقات کرکے بہت اچھا لگا۔‘ اُنہوں نے کہا کہ ’ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے ذریعے ہم انگلینڈ اور پاکستان کی دوستی کو پروان چڑھائیں گے۔‘

50% LikesVS
50% Dislikes