پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک بھی عابدہ پروین کی آواز کے مداح – Kashmir Link London

پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک بھی عابدہ پروین کی آواز کے مداح

لندن (کشمیر لنک نیوز) پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک کہتے ہیں کہ وہ عابدہ پروین کی سُریلی آواز کے مداح ہوگئے ہیں۔

جرمن سفیر نے صوفیانہ کلام کی مایہ ناز گلوکارہ، سروں کی ملکہ اور دنیا بھر میں سندھ و پاکستان کی پہچان عابدہ پروین کے 67ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی کچھ تصویریں شیئر کیں۔

مذکورہ تصویروں میں جرمن سفیر اپنے موبائل فون میں عابدہ پروین کا کلام سُنتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جرمن سفیر نے تصویریں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں صوفیانہ کلام کی ملکہ عابدہ پروین کی روح پرور آواز کا مداح ہوگیا ہوں۔‘ اُنہوں نے کہا کہ ’اُردو زبان نہ سمجھنے والوں کے دلوں پر بھی عابدہ پروین کی موسیقی سحر طاری کردیتی ہے۔‘

جرمن سفیر نے عابدہ پروین کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’ صوفیانہ موسیقی میں آپ کا کوئی ثانی نہیں۔‘ واضح رہے کہ عابدہ پروین 20 فروری 1954 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئیں۔ گائیکی کے ذریعے صوفیانہ کلام کو پھیلانے کی بات کی جائے تو اس وقت پورے برصغیر میں عابدہ پروین سے بڑا کوئی نام نہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes