ریڈ لسٹ: پاکستان سے برطانیہ جانے والی پروازوں کی بکنگ پر رش بڑھ گیا – Kashmir Link London

ریڈ لسٹ: پاکستان سے برطانیہ جانے والی پروازوں کی بکنگ پر رش بڑھ گیا

لندن(کشمیر لنک نیوز)برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کے بعد برطانیہ جانے والی پروازوں کی بکنگ پر رش بڑھ گیا ہے۔مسافروں کے زیادہ رش کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے مزید دو پروازوں کی اجازت لے لی ہے۔

پہلی اضافی پرواز سات اپریل کو رات ڈھائی بجے اسلام آباد سے مانچسٹر روانہ ہوگی۔پی آئی اے حکام کے مطابق تمام ایسے مسافر جو ابھی تک ٹکٹیں حاصل نہیں کر سکے فوری طور پر پی آئی اے دفاتر سے رجوع کریں۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک کی خصوصی ہدایات پر مسافروں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے بکنگ دفاتر آج پیر کی رات 10 بجے تک کام کریں گے۔

خیال رہے کہ برطانیہ کہ جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کے بعد ایسٹر اور گڈ فرائیڈے پر پاکستان آئے ہوئے تارکین کی واپسی مشکل مرحلہ بن گئی ہے۔اس صورتحال کی وجہ سے پی آئی اے نے حکومتی ہدایات پر برطانیہ کے لیے نو اپریل سے پہلے اپنی پروازوں کی تعداد بڑھا دی ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اس صورتحال میں غیر ملکی ایئرلائنز کی جانب سے کرائے چار لاکھ روپے تک وصول کیے جانے لگے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومتی ہدایات پر پی آئی اے نے نو اپریل سے پہلے اپنی پروازوں کی تعداد بڑھا دی۔

’اضافی پروازوں کے ساتھ اب چار تا نو اپریل پی آئی اے کی پانچ پروازیں برطانیہ کے لیے روانہ ہوں گے۔‘

برطانیہ نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کو بھی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا ہے جس کے بعد وہ پاکستانی جن کے پاس برطانیہ میں رہائشی حقوق نہیں ہیں برطانیہ نہیں جا سکیں گے۔
برطانیہ کی جانب سے اس پابندی کا اطلاق نو اپریل کو ہو گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes