گھر والوں کی مرضی سے شادی نہ کرنے کا جرم؛ اٹلی میں غائب ہوجانے والی ثمن عباس کی تلاش جاری – Kashmir Link London

گھر والوں کی مرضی سے شادی نہ کرنے کا جرم؛ اٹلی میں غائب ہوجانے والی ثمن عباس کی تلاش جاری

میلان (کشمیر لنک نیوز) اٹلی پولیس کو ایک ایسی مسلمان پاکستانی لڑکی کی تلاش ہے جس نے گھر والوں کی مرضی سے شادی سے انکار کیا اور پھر غائب ہوگئی، پولیس کو شبہ ہے کہ اسکے وارثان نے اسے قتل کردیا ہے اسلیئے اسکی لاش یا اسکے باقیات کھیتوں میں تلاش کیئے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کیربینیئری پولیس کے لیفٹینینٹ کرنل سٹیفانو بووی نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکی کے والدین، انکل اور دو کزنز سے قتل کے الزام میں تحقیقات ہو رہی ہیں کیونکہ ان کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے جرم میں حصہ لیا۔
پولیس آفیسر نے مزید بتایا کہ کیربینیئری پولیس ثمن عباس کو کنوؤں، آبپاشی کی نہروں اور گرین ہاؤسز میں بھی ڈھونڈ رہی ہیں۔ ثمن عباس اٹلی کے شمالی ٹاؤن نوویلارا میں رہتی تھیں، گذشتہ برس انہوں نے کزن سے شادی نہ کرنے پر خاندان کے روایتی فیصلے کے خلاف بغاوت کی۔ ان کا خاندان اپنے آبائی ملک میں ثمن عباس کی شادی کرانا چاہتا تھا۔

ثمن عباس ابھی کم عمر تھیں جب انہوں نے سوشل سروسز شروع کیں اور نومبر میں ان کو شیلٹر ہوم منتقل کیا گیا۔ انہوں نے والدین کے خلاف پولیس میں رپورٹ بھی کیا لیکن 11 اپریل کو وہ والدین کے پاس واپس چلی گئی لیکن پولیس پانچ مئی سے ثمن عباس کو تلاش کر رہی ہے اور ان تحقیقات کا آغاز اس وقت ہوا جب ان کو گھر سے ثمر عباس اور ان کے خاندان کے افراد غائب ملے۔

ازاں بعد پولیس افسروں کو معلوم ہوا کہ لڑکی کے والدین اس کے بغیر پاکستان کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ پولیس کو ایک قریبی سکیورٹی کیمرے سے کچھ تصاویر بھی ملیں جو ان کے لیے تشویش کا باعث بنی۔ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اپریل 29 کو اس کے گھر سے پانچ افراد نکل رہے ہیں جن کے ہاتھ میں بیلچے، ایک لوہے کا سلاخ اور ایک بالٹی ہے۔ یہ تقریباً ڈھائی گھنٹے بعد واپس لوٹتے ہیں۔

کیربینیئری پولیس کے مطابق مبینہ قتل میں ملوث یہ افراد ثمن عباس کے خاندان کے افراد ہے جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ سب اٹلی سے پاکستان چلے گئے ہیں۔ اس واقعے کے خلاف نوویلارا کے ٹاؤن ہال میں لاپتہ لڑکی کے لیے سینکڑوں افراد نے ایک ریلی بھی نکالی جس سے خطاب میں میئر علینا کرلیتی نے کہا کہ وہ ہر حال میں ثمن کو ڈھونڈ کر رہینگے۔

50% LikesVS
50% Dislikes