پاکستان کے سفیرڈاکٹر ظہور احمد کی طرف سےساؤنڈ کوئیسٹ میوزیکل بینڈ کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام – Kashmir Link London

پاکستان کے سفیرڈاکٹر ظہور احمد کی طرف سےساؤنڈ کوئیسٹ میوزیکل بینڈ کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام

اسٹاک ہوم (کشمیر لنک نیوز ) سوئیڈن سے پاکستان کا کامیاب دورہ کرنے والے ساؤنڈ کوئیسٹ نامی میوزیکل بینڈ جس میں پاکستان اور سویڈش سنگرز اور میوزیشنز شامل ہیں کے اعزاز میں سفیر پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ ڈاکٹر ظہور احمد نے پاکستان ہاؤس اسٹاک ہوم میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا ۔کورونا وبا کے باعث اس تقریب میں شرکا کی تعداد کو محدود رکھا گیا تقریب میں ساؤنڈکوئیسٹ میوزیکل بینڈ سے پاکستانی نژاد معروف ڈی جے اور سنگر شاہ رخ شیخ ، تووا لی،فیلکس گُرو ندال،ایوا دندار، ایرک جی، نےجبکہ سویڈن کے مقامی اوپیرا سنگرز پالینا اور ایلکس کو مدعو کیا گیا تھا۔

اس تقریب میں سویڈن اور پاکستان کے درمیان قائم تعلقات کی بہتری کے لئے کام کرنے والی تنظیم فرینڈز آف پاکستان سویڈن کے ذمہ داران سعید شیخ ،سابیسٹین ہارون ،کاشف عزیز بھٹہ، حسین ندیم بٹ، محترمہ رابعہ ، محترمہ ثمینہ ، ہیڈ آف چانسلری رزاق تھیبو، کمرشلکونسلر برائے اسکینڈے نیویا غلام مصطفی، سمیع اللہ خان اکاؤنٹنٹ، محمد عمران ،سجاد آفریدی، عدنان رحمانی و دیگر نے بھی شرکت کی۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں سے پاکستان اور سویڈن کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکتا ہے پاکستانی نوجوان موسیقی کے ذریعہ امن و محبت کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلا رہے ہیں اور موسیقی اور صوفیاء کے پیغام کے ذریعے پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کو دکھا رہے ہیں ۔

پاکستانی سنگرز دنیا بھر میں اپنے دلفریب انداز کے ساتھ سریلی اور خوبصورت آواز کا جادوجگانے میں کامیاب رہے ہیں ۔ سفیر پاکستان نے ساؤنڈ کویسٹ میوزیکل بینڈ کے روح رواں پاکستانی نژاد ڈی جے اور سنگر شاہ رخ شیخ کو اپنے میوزیکل بینڈ کے ہمراہ پاکستان کے کامیاب دورہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور سفارت خانہ پاکستان کی جانب سےہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سفیر پاکستان نے نوجوانوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیااور کہا کہ موسیقی کی طاقت کے ذریعے جہاں ہم آہنگی پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے وہاں زبان، ثقافت اور نظریات کی رکاوٹوں کوبھی عبور کیا جا سکتا ہے۔

قبل ازیں تقریب کے آغاز میں فرینڈ آف پاکستان سویڈن کی سیکرٹری رابعہ نے فرینڈز آف پاکستان سویڈن کے پلیٹ فارم سےہونے والی تقریبات اور اغراض و مقاصد بیان کیے اور پاکستان اور سویڈن کے دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ کہ وہ سفیر پاکستان اور ساؤنڈ کوئیسٹ کی ثقافتی شخصیات کو سلام پیش کرتی ہیں جو اِس مشکل گھڑی میں پاکستان کے خوبصوت امیج کواجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔پاکستان کا دورہ کرنے والے میوزیکل بینڈ ساؤنڈ کوئیسٹ کی ٹیم نے پاکستان میں اپنے گزرے ہوئےلمحات اور یادوں کو شرکا کیساتھ شیئر کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے رنگ دیکھ کر حیران رہ گئے۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان ایک خوبصورت اور ہرا بھرا ملک ہے اور پاکستان کے لوگوں کے رویوں میں محبت، ایمانداری اور اپنایت جھلکتی ہے انہوں نےپاکستانی کھانوں بارے خصوصی ذکر کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes