مظلوم مسلمانوں کی آہیں رنگ لے آئیں، عالمی عدالت انصاف سے بوسنیا کے قصاب کی عمر قید کی سزا برقرار – Kashmir Link London

مظلوم مسلمانوں کی آہیں رنگ لے آئیں، عالمی عدالت انصاف سے بوسنیا کے قصاب کی عمر قید کی سزا برقرار

ایمسٹرڈیم (کشمیر لنک نیوز) عالمی عدالت انصاف نے بوسنیا میں مسلمانوں کی نسل کشی کرنے والے سابق سرب جنرل راتکو ملادیچ المعروف ’قصابِ بوسنیا ‘ کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا ہے۔
اپیل کی سماعت یو این انٹرنیشنل ریزیڈوئل مکینزم فار کرمنل ٹریبونلز کے پانچ رکنی بنچ نے کی اور اپیل کو مکمل طور پر مستر دکرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ملادیچ سزا کو کالعدم کرنے کیلئے اپنی بے گناہی کے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔

یاد رہے 22 نومبر 2017 کو دی ہیگ میں سابق ریاست یوگوسلاویہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے قائم کیے گئے انٹرنیشنل کرمنل ٹریبونل میں ہونے والی سماعت میں راتکو ملادیچ کو جنگ کے دوران نسل کشی اور دیگر مظالم کے 11 میں سے 10 الزامات پر مجرم ٹھہرایا گیا تھا اور انہیں عمر قید کی سزا سنادی گئی تھی جس کے خلاف ملادیچ نے اپیل کی تھی۔

ملادیچ اس فیصلے کیخلاف اب کہیں اپیل نہیں کرسکیں گے اور انہیں عمر قید کی سزا کاٹنی ہوگی البتہ یہ واضح نہیں کہ وہ اپنی سزا کہاں کاٹیں گے۔ دوران سماعت ملادیچ عدالت میں موجود تھے۔

1992 سے 1995 تک جاری جنگِ بوسنیا میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوئے تھے جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔ اس واقعے کے 26 برس بعد ملادیچ کی سزا کیخلاف اپیل خارج ہوئی اور اب اس معاملے کے تمام مرکزی کردار سزا پاچکے ہیں اور اب کوئی کیس عدالت میں موجود نہیں رہا۔

50% LikesVS
50% Dislikes