شاہد آفریدی کا لیاری کے ٹیلنٹڈ بچوں کو انگلینڈ اور آسٹریلیا بھجوانے کا اعلان، حبیب جان کا خیر مقدم – Kashmir Link London

شاہد آفریدی کا لیاری کے ٹیلنٹڈ بچوں کو انگلینڈ اور آسٹریلیا بھجوانے کا اعلان، حبیب جان کا خیر مقدم

لندن (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے لیاری کے بچوں کی صلاحیتوں کے اعتراف میں ان کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لیاری کے اسپورٹس پرسنز کی ہر ممکن مدد کریں گے، اچھے باصلاحیت پلیئرز کو انگلینڈ اورآسٹریلیا ٹریننگ کے لیے بھجوائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے لیاری میں شاہد آفریدی فائونڈیشن کے زیراہتمام بچوں میں اسپورٹس سامان کی تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انکا مزید کہنا تھا کہ لیاری کے لوگوں کے ساتھ بہت ناانصافی ہوئی ہے، لیاری میں فٹبال اور باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے جسے یہاں کے بچوں اور نوجوانوں نے محدود وسائل کے باوجود ثابت کرکے دکھایا ہے۔

اس موقع پرشاہد آفریدی نے قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیتنے کیلئے مثبت اور اٹیکنگ کرکٹ کھیلنا ضروری ہے، ٹی ٹوئنٹی میں ہم بہترین ٹیم ہیں، کرکٹ میں کوئی ’اے‘یا ’بی‘ ٹیم نہیں ہوتی، اپنی اسٹرینتھ کے مطابق کھیلیں تو کامیابی ملے گی۔ سابق کپتان نے کہا کہ اعظم خان تگڑا کھلاڑی ہے، پاور ہٹنگ کرسکتا ہے، اعظم خان کو فیلڈنگ اور فٹنس بہتر کرنا ہوگی، وہ دن دور نہیں جب بابر اعظم ویرات کوہلی سے بڑا پلیئر بن جائے گا، محمد رضوان اور بابر اعظم کی شراکت کافی اہم رہی۔

شاہد آفریدی کے لیاری کے بچوں بارے جذبات پر برطانیہ میں مقیم لیاری کی سیاسی و سماجی شخصیت حبیب جان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز میں میرٹ کا بول بالا ہوجائے تو ہم دنیا بھر میں کسی سے پیچھے نہ رہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اللہ پاک نے لیاری کے بچوں میں کھیلوں کے حوالے سے بہت ٹیلنٹ دیا ہے جسے صرف پالش کرنے کی ضرورت ہے، اس موقع پر انہوں نے شاہد آفریدی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes