پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کی بات کی: عرب گل صدر پشتون آرگنائزیشن یورپ – Kashmir Link London

پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کی بات کی: عرب گل صدر پشتون آرگنائزیشن یورپ

برسلز (کشمیر لنک نیوز) نیٹو اور امریکی افواج کے افغانستان سے انخلاء کے بعد خطے کی صورت حال تیزی کے ساتھ بدل رہی ہے،طالبان افغانستان کے بڑے حصے پر غلبہ حاصل کر چکے ہیں اور مستقبل میں افغانستان کی حکومت بنتی نظر نہیں آرہی، پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کی بات کی ہے کیوں کہ پاکستان امن کو دنیا کیلئے خوشحالی اور ترقی کی ضمانت سمجھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پشتون آرگنائزیشن یورپ کے صدر عرب گل ملاگوری نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا نے پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا اور وہ افغانستان میں قائم اپنے قونصل خانوں کے ذریعہ پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت تبدیل ہو چکا ہے ، پاکستان کے دشمن عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں، پاکستان کی بہترین اور متوازن خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان ایک امن پسند ملک کے طور پر پہلے سے زیادہ باوقار اور اہمیت حاصل کر چکا ہے ، افغانستان کے مسئلہ سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز پُر امید ہیں کہ خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کا کوئی بہتر حل نکلے گا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں دونوں اطراف کی پشتون کمیونٹی کو ایک سازش کے تحت ایک دوسرے کے خلاف بھڑکایا گیا اور خاص طور پر پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کی گئیں جس سے پاکستان کی عوام اور انفرااسٹرکچر تباہ و برباد کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کو چاہئے کہ خطے میں امن وامان بحال کرنے کے لیے مثبت کوششیں کرکے اسلامی بھائی چارے کے خلاف سازشی عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنادیں اور اپنے اتحاد اور اسلامی رواداری سے عالمی طاقتوں پر یہ واضح کردیں کہ اب بدامنی پھیلانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

50% LikesVS
50% Dislikes