اسرائیل کے بدنام زمانہ جاسوس پروگرام کے ذریعے عمران خان کا فون ڈیٹا ہیک کرنے کا انکشاف – Kashmir Link London

اسرائیل کے بدنام زمانہ جاسوس پروگرام کے ذریعے عمران خان کا فون ڈیٹا ہیک کرنے کا انکشاف

لندن ( کشمیر لنک نیوز) اسرائیل کے بدنام زمانہ جاسوس پروگرام پیگاسس کے ذریعے وزیر اعظم کی جاسوسی کا بھی انکشاف ہوا ہے، تفصیلات کے مطابق گارڈین اور واشنگٹن پوسٹ سمیت دس ممالک کے 16میڈیا شراکت داروں کی ایک ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے مطابق بھارت میں کم از کم سات افراد پر مشتمل گروہ کا انکشاف ہوا ہے جوصحافیوں اور دیگر افراد کے ٹیلی فونز کو ہیک کر رہا ہے جبکہ یہ سہولت یا آلات صرف اور صرف حکومتوں کے پاس دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے موجود ہوتے ہیں ، اس گروپ کی فہرست میں ایک ہزار سے زیادہ فون نمبرز موجود تھے جن کی نگرانی کرنا مقصود تھا ، یہ نمبرز صحافیوں ، سیاستدانوں ، بڑے تاجروں سمیت دیگر افراد کے تھے ، اس میں ایک نمبر ماضی میں پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم نے بھی ایک بار استعمال کیا تھا مگر اس وقت عمران خان وزیر اعظم نہیں تھے۔

اسکا انکشاف اسوقت ہوا انسانی حقوق کے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور فرانسیسی میڈیا گروپ ’فوربڈن سٹوریز‘ کو پاکستان اور انڈیا سے تعلق رکھنے والے دو ہزار سے زائد فون نمبرز سمیت 50 ہزار سے زیادہ فون نمبرز پر مشتمل ریکارڈز تک رسائی حاصل ہوئی جن کو ہیکنگ کا ہدف بنانے کے لیے منتخب کیا گیا تھا اور اس میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے زیر استعمال رہنے والا ایک پرانا موبائل نمبر بھی شامل ہے۔

اخبار کے مطابق یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان نمبروں میں سے کتنے کی جاسوسی کی کوشش کامیاب رہی، ہندوستان میں 22سمارٹ فونز کا فرانزک کیا گیا جس میں 10کو پیگاسس کے ساتھ نشانہ بنانے کی تصدیق ہوئی ۔ ٹیلیفونز کے فرانزک تجزیہ کاروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہندوستان میں شہریوں کی آزادی پر قدغن لگایا جا رہا ہے جو تشویشناک ہے ۔ اسرائیلی فرم این ایس او کی جانب سے سینکڑوں ہندوستانی فون نمبرز کی نگرانی کی جا رہی تھی ۔ اس فہرست میں بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی ، اشوک لویسا اور ملینڈا گیٹس فاو¿نڈیشن کے مقامی سربراہ ایم ہری مینون شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ اسرائیلی جاسوس سافٹ ویئر این ایس او کی مدد سے صارف کسی بھی فون نمبر کے ذریعہ اپنے ممکنہ ہدف کے فون تک رسائی حاصل کر سکتا ہے اور اس کی مدد سے فون کے تمام ڈیٹا کو حاصل کر سکتا ہے اور فون استعمال کرنے والے کی نقل و حرکت کو بھی جانچ سکتا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ، جو کہ اس تحقیقی منصوبے کا حصہ ہے، کے مطابق انھوں نے پاکستان وزیر اعظم عمران خان سے رد عمل لینے کے لیے رابطہ کیا لیکن انھیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب این ایس او کا پاکستان سے تعلق جوڑا گیا ہو۔

50% LikesVS
50% Dislikes