کیا بالی وڈ کے تینوں خان اپنے کیریئر کے آخری حصے میں ہیں؟ کاویری بامزئی کی کتاب کے دلچسپ حقائق – Kashmir Link London

کیا بالی وڈ کے تینوں خان اپنے کیریئر کے آخری حصے میں ہیں؟ کاویری بامزئی کی کتاب کے دلچسپ حقائق

لندن (مونا بیگ) بالی وڈ کے تین خان نئے انڈیا میں کیسی زندگی بسر کررہے ہیں، اس بارے میں تو کاویرے بامزئی نے اپنی کتاب میں خوب ذکر کیا ہے لیکن حقیقت میں یہ بات انڈیا کے ان تمام مسلمانوں کے سوچنے کی ہے جو انتہا پسندی کی فضا میں گھٹ کر رہنے پر مجبور ہیں۔

مصنفہ نے اپنی کتاب میں جن امور پر بات کی ہے ان میں بڑا وزن ہے، مثال کے طور پر کیا مستقبل میں کبھی ایسا ممکن ہوسکے گا کہ انڈیا کے ثقافتی افق پر تین بڑے ستارے ایک خاص مذہب سے تعلق رکھتے ہوں گے؟ کیا آج کے انڈیا میں بالی ووڈ کے تین خانوں شاہ رخ، سلمان اور عامر خان کا مستقبل پہلے کی طرح تابناک رہے گا اور کیا وقت اور بدلتے دور کے تقاضوں ساتھ ان تینوں کو بھی بدلنے کی ضرورت ہے؟

ان کا کہنا ہے کہ تینوں نے کامیابیوں کی بلندیوں تک پہنچنے سے پہلے ایک طویل سفر طے کیا اور غربت کے دن بھی دیکھے ہیں لیکن آج ان میں سے ایک ممبئی کے مینشن میں رہتا ہے دوسرے کا گھر، گیلکسی اپارٹنمٹ، ممبئی کا لینڈ مارک بن چکا ہے اور تیسرا اپنی شرطوں پر کام کرتا ہے لیکن اتنی کامیابی اور شہرت کے باوجود انھیں ان کے مذہب کے نام پر تنقید اور ٹرولز کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

کاویری کا کہنا تھا کہ یہ تینوں کسی زمانے میں حکومت، سیاست اور سماجی امور پر کھل کر بات کرتے تھے لیکن جس طرح ان پر تنقید اور دھمکیوں کا سلسلہ شروع ہوا تو وہ پیچھے ہٹتے چلے گئے۔ لوگ انھیں بزدل کہہ سکتے ہیں لیکن یہ سب جھیلنے کے لیے ہمت کی ضرورت ہے کیونکہ جب کسی فلم کا سیاسی بائیکاٹ ہوتا ہے، جس طرح شاہ رخ کی فلم مائی نیم از خان کا ہوا تھا، تو صرف ہیرو نہیں بلکہ فلم سے وابستہ پورے عملے کا نقصان ہوتا ہے۔

کاویری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان تینوں خانوں کو نئے دور کے نئے تقاضوں اورچیلنجز کے ساتھ بدلنے کی ضرورت ہے کیونکہ انڈین سنیما بدل رہا ہے نئی سوچ اور نئے انداز کی فلمیں اور کردار لکھے جا رہے ہیں پرانی فلموں کے سیکوئل اب اولڈ فیشن ہوتے جا رہے ہیں۔ کورونا لاک ڈائون میں ایک نئی سوچ اور منفرد انداز کا سنیما لوگوں کو پسند آ رہا ہے۔ایسے میں اگر یہ تینوں وقت کی رفتار کے ساتھ نہیں چلے تو پیچھے رہ جائیں گے کیونکہ اب روایتی فلموں اور ہیرو کے گرد گھومنے والی فلموں کا زمانہ ختم ہو رہا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes