سویڈن کی پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ متحد ہوکر پاکستان کی خدمت کی ہے: سعید شیخ – Kashmir Link London

سویڈن کی پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ متحد ہوکر پاکستان کی خدمت کی ہے: سعید شیخ

سویڈن (کشمیر لنک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن سویڈن کی جانب سے سعید شیخ کی قیادت میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، صدر انٹرنیشنل افئیرز مسلم لیگ ن اسحاق ڈار اور چیف کوارڈینیٹرانٹرنیشل افئیرزمسلم لیگ ن امجد ملک نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند عمل ہے کہ پارٹی کے کارکنان مشکل وقت میں بھی ن لیگ کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات کا انعقاد کررہے ہیں جو کہ حب الوطنی اور پارٹی قیادت سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن سویڈن کے منتظمین اور کارکنان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز چیپٹرز کو ناصرف پارٹی بلکہ وطنِ عزیز کی خدمت کے لئے ہر وقت پیش پیش رہنا چاہئے ، اوورسیز پاکستانیوں کو سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں متعارف کروانے کے لئے کوشاں رہنے کی اشد ضرورت ہے۔

مسلم لیگ ن سویڈن کے روح رواں سعید شیخ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سویڈن کی پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ متحد ہوکر پاکستان کی خدمت کی ہے اب چاہے وہ پاکستانی فلاحی اداروں کی فنڈ ریزنگ کا معاملہ ہو یا کرونا دور میں پاکستان کی براہ راست امداد ہو ہماری کمیونٹی نے ہمیشہ اختلافات کو بالاطاق رکھ کر پاکستان کی خدمت کی اور یہ جذبہ حب الوطنی انشاللہ آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہمارا عزم ہے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی تعمیر و ترقی اور میاں نواز شریف کی صحت اور لمبی عمر کے لئے دعائیں بھی کی گئیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes