افغانستان میں ملکہ برطانیہ کی تصویر کی حفاظت کریں گے، افغان طالبان نے یقین دہانی کرادی – Kashmir Link London

افغانستان میں ملکہ برطانیہ کی تصویر کی حفاظت کریں گے، افغان طالبان نے یقین دہانی کرادی

لندن(کشمیر لنک نیوز) طالبان کے کابل پر کنٹرول کے بعد برطانوی سفارت خانے کا عملہ جلد بازی میں ملکہ کا پورٹریٹ اور اہم دستاویزات چھوڑ کر چلا گیا۔طالبان حکام نے کہا ہے کہ وہ کابل میں برطانوی سفارت خانے کے اندر ملکہ الزبتھ کے پورٹریٹ کا خیال رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کابل کے طالبان کے ہاتھوں میں جانے کے بعد برطانوی سفارت خانے کا عملہ جلد بازی میں افغانستان سے نکل گیا ہے۔تاہم وہ جاتے ہوئے سفارت خانے میں اہم اشیا اور دستاویزات چھوڑ گئے جن میں ملکہ کا پورٹریٹ اور ان افغان شہریوں کی فہرست شامل ہے جنہوں نے برطانوی فوج کے ساتھ تعاون کیا۔

میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے ملکہ کی تصویر کی حفاظت کی یقین دہانی کرائی ہے جو سفارت خانہ خالی ہونے کے بعد لوٹ مار کے دوران بچ گئی تھی۔ برطانوی سفارت خانے کی حفاظت پر مامور ایک طالبان کمانڈر نے کہا: ’ہم اپنی کمان کے ماتحت ہیں اور سفارتی مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔‘

طالبان کمانڈر رحیم اللہ ہجرت نے کہا کہ ’ہم یہاں سیکورٹی برقرار رکھیں گے اور جب تک برطانیہ ہماری حکومت کو تسلیم نہ کر لے اور ان کے سفارت کار یہاں واپس نہ آ جائیں تب تک ہر چیز کو جوں کا توں رکھا جائے گا۔ ہم ملکہ کی تصویر کا بھی خیال رکھیں گے اور ایسا کرنا ہماری ذمہ داری میں شامل ہے۔ 31 سالہ کمانڈر نے مزید کہا: ’ہم امید کرتے ہیں کہ برطانوی سفارت کار واپس آئیں گے لیکن میں ان کی گھبراہٹ اور اتنی عجلت میں انخلا دیکھ کر حیران ہوں۔‘

50% LikesVS
50% Dislikes