پولینڈ کے تاریخی شہر وارسا میں سفیر پاکستان کی رہائش گاہ پر مینگو فیسٹیول کا انعقاد – Kashmir Link London

پولینڈ کے تاریخی شہر وارسا میں سفیر پاکستان کی رہائش گاہ پر مینگو فیسٹیول کا انعقاد

وارسا (کشمیر لنک نیوز) یورپی ملک پولینڈ کے تاریخی شہر وارسا میں سفیر پاکستان محمد فاروق ملک کی رہائش گاہ پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانی آموں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ اس تقریب کو مینگو فیسٹیول کا نام دیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ اہم مقامی شخصیات کو دعوت دی گئی تھی جن میں پولینڈ کے سفارتی اور سرکاری حکام، فروٹ امپورٹ کرنے والے تاجروں اور مختلف گروسری چین اسٹورز کے نمائندگان شامل تھے۔

مینگو فیسٹیول میں مہمانوں کی تواضح ایسی 10 سے زائد ڈشز سے کی گئی جن میں سے ہر ایک میں آم لازمی استعمال کیا گیا تھا۔ آم سے بنی ہوئی جن ڈشز کو بہت پسند کیا گیا ان میں مینگو سلاد بمع بلیو پنیر، مینگو اور جھینگا، مینگو چیزکیک ، مینگومسکارپون ، مینگو لسی اور مینگو لیموناد خاص طور پر قابل ذکر تھے۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پولینڈ میں پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق نے تمام شرکاء کو بتایا کہ پاکستان کا آم دنیا کے مشہور پھلوں میں سے ایک اور خطے میں پھلوں کا باد شاہ کہلاتا ہے۔ انہوں نے آم کی مختلف اقسام خصوصی طور پر چونسہ کے بارے مہمانوں کو آگاہ کیا اور اسے ایک بہترین پھل قراردیا۔ انہوں نے موقع پر موجود تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانہ پولینڈ میں پاکستانی آموں کو متعارف کرانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ اس حوالے سے کسی بھی طرح کے رابطے کو خوش آمدید اور اس کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا۔

پولش وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائے ایشیا پیسیفک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، انہوں نے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو بھی سراہا۔

تقریب کی مہمان شخصیت پولینڈ کی کو ہ پیما اور اس سال کے ٹو سر کرنے والی مس ماگدالینا نے بھی شرکاء کو اپنے دورہ پاکستان اور کوہ پیمائی مہم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں پاکستان میں جتنی محبت اور احترام ملا اس کے بعد وہ پولینڈ میں اپنے آپ کو پاکستان کا سفیر خیال کرتی ہیں۔ آخر میں سفارتخانے میں تعینات ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر زاہد بھٹی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes