بکنگ سسٹم ڈاؤن ہونے سے برطانیہ آنیوالے اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ – Kashmir Link London

بکنگ سسٹم ڈاؤن ہونے سے برطانیہ آنیوالے اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ

لندن (کشمیر لنک نیوز) پاکستان سے برطانیہ آنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ سرکاری قرنطینہ ہوٹل بکنگ کمپنی کارپوریٹ ٹریول مینجمنٹ (سی ٹی ایم) کا سسٹم ڈاؤن ہونے سے پاکستانی مسافروں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

برطانیہ کی ٹریول ریڈ لسٹ پر ہونے کی وجہ سے پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والے مسافروں کو حکومت کے منظور شدہ ہوٹلوں میں 10 دن قرنطینہ کرنا پڑتا ہے جس کا معاوضہ لاکھوں روپے بنتا ہے جو مسافر نے خود اپنی جیب سے ادا کرنا ہوتا ہے۔

برطانیہ کے ہوٹلوں میں بکنگ سی ٹی ایم کے ذریعے کی جاتی ہے۔ مسافروں کی پریشانی میں مزید اضافہ اس وقت ہو گیا جب سی ٹی ایم کے سسٹم نے بکنگ بند کردی۔ مسافروں اور ٹریول ایجنٹس کے مطابق سی ٹی ایم کا سسٹم ڈاؤن ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بکنگ نہیں ہو رہی، جب تک ہوٹل کی بکنگ نہیں ہو گی تب تک مسافر سفر نہیں کر سکتے۔

جب مسافروں نے اپنی ایئر لائن سے ایئر ٹکٹ کی تبدیلی کے لیے رابطے کیے تو انہیں سرخ جھنڈی دکھا دی گئی۔ ایئر لائنز کا موقف ہے کہ یہ ان کا مسلئہ نہیں ہے، ان کی پروازیں شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں ٹکٹوں کی تبدیلی اور دیگر اخراجات کی مد میں لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ مسافروں نے حکومت برطانیہ اور حکومت پاکستان سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔

علاوہ ازیں افغانستان سے برطانیہ لائے گئے ہزاروں پناہ گزینوں کی وجہ سے سرکاری ہوٹل مکمل بک ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے اب ان میں گنجائش نہیں ہے اور حکومت کے پاس فی الحال کوئی دوسرا انتظام نہیں ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes