امریکی پاپ سٹار برٹنی سپیئرز کا ایرانی نژاد بوائے فرینڈ سیم اصغری کے ساتھ منگنی کا اعلان – Kashmir Link London

امریکی پاپ سٹار برٹنی سپیئرز کا ایرانی نژاد بوائے فرینڈ سیم اصغری کے ساتھ منگنی کا اعلان

لندن (مونا بیگ) امریکی پاپ سٹار برٹنی سپیئرز نے اپنے ایرانی نژاد بوائے فرینڈ سیم اصغری کے ساتھ منگنی کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔ برٹنی سپیئرز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے منگیتر کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ منگنی کی انگوٹھی دکھا رہی ہیں۔ دوسری جانب سیم اصغری نے بھی اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں یہ جوڑا ایک دوسرے کو بوسہ دے رہا ہے۔

برٹنی سپیئرز 13 برس سے اپنے والد کے خلاف قانونی سرپرستی کا کیس لڑ رہی ہیں۔ 2008 میں برٹنی سپیئرز کی ذہنی صحت عوامی سطح پر موضوع بحث بن گئی تھی جس کے بعد ان کے پیشہ ورانہ معاملات کا کنٹرول قانونی سرپرستوں کے ہاتھ سونپ دیا گیا۔ اس نظام کو ’کنزرویٹرشِپ‘ کہا جاتا ہے۔ عدالتی حکم کے تحت طے کیے گئے سمجھوتے کے مطابق برٹنی کے والد جیمی سپیئرز کو ان کی جائیداد اور زندگی کے دیگر پہلوئوں پر کنٹرول دیا گیا۔ برٹنی سپیئرز نے انکشاف کیا تھا کہ اس سمجھوتے کی شرائط انھیں سیم اصغری کے ساتھ شادی کرنے یا مزید بچے پیدا کرنے سے روکتی ہیں۔

سیم اصغری کے مینجر برینڈن کوہن نے پیپلز میگزین کو اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے کہا اس جوڑے نے آج اپنے طویل عرصے سے قائم رشتے کو باضابطہ شکل دی ہے اور وہ لوگوں سے ملنے والے پیار اور حمایت سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ اس جوڑے کی ملاقات سنہ 2016 میں ایک میوزک ویڈیو کے سیٹ پر ہوئی تھی۔27 برس کے سیم اصغری ایک ٹرینر اور اداکار ہیں۔ وہ ایران کے دارالحکومت تہران میں پیدا ہوئے لیکن 12 برس کی عمر میں امریکہ منتقل ہو گئے۔

اس سال کے آغاز میں فوربز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے امریکہ آنے کے اپنے تجربے کے بارے میں کہا تھا کہ یہ یقینی طور پر ایک ثقافتی جھٹکا تھا۔ یہاں بولی جانے والی زبان سے بالکل مختلف زبان کے ساتھ ادھر آنا۔ واضع رہے برٹنی سپیئرز اس سے پہلے بھی دو بار شادی کر چکی ہیں۔ سنہ 2004 میں انھوں نے اپنے بچپن کے دوست جیسن الیگزینڈر سے لاس ویگاس میں شادی کی تھی جو جلد ہی ختم ہو گئی۔ پھر اسی برس انھوں نے ڈانسر کیون فیڈرلائن سے شادی کر لی تھیں اور ان کے دو بچے ہوئے تاہم سنہ 2007 میں اس جوڑے کے درمیان طلاق ہو گئی۔

گذشتہ ہفتے برٹنی کے والد جیمی سپیئرز نے لاس اینجلس کی ایک عدالت میں قانونی سرپرستی ختم کرنے کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔جمی سپیئرز اپنی صحت کے مسائل کی وجہ سے سنہ 2019 میں اپنی بیٹی کے ذاتی معاملات کی قانونی سرپرست سے تو پیچھے ہٹ گئے تھے تاہم انھوں نے برٹنی کے کاروباری انتظامات کی نگرانی جاری رکھی۔ گذشتہ دو سال میں برٹنی نے اپنے والد کی سرپرستی سے نکلنے کے لیے دو بار کوشش کی۔ برٹنی سپیئرز اپنے والد کے سلوک کو ’ظلم‘ قرار دے چکی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes