پاکستان پریس کلب لوٹن برانچ کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری، مرکزی صدر مبین چوہدری نے حلف لیا – Kashmir Link London

پاکستان پریس کلب لوٹن برانچ کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری، مرکزی صدر مبین چوہدری نے حلف لیا

لوٹن (شیراز خان) پاکستان پریس کلب یوکے لوٹن برانچ کے نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری فیوچر ہاؤس لیوٹن میں منعقد ہوئی ۔جس میں پاکستان پریس کلب یوکے کے صدر مبین چوہدری نے حلف لیا جبکہ مئیر آف لوٹن، مئیر آف سلاو، ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل کے علاوہ لوٹن کی تمام سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری زعما نے شرکت کی ۔

حلف اٹھانے والوں میں صدر اسرار خان، جنرل سیکرٹری احتشام الحق، جوائنٹ سیکرٹری آصف شریف، فنانس سیکرٹری عتیق الرحمان، انفارمیشن سیکرٹری نواز مجید شامل تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت مرکزی جماع مسجد لوٹن کے امام حافظ اعجاز صاحب نے حاصل کی، نعت رسول مقبول فیضان مصطفی لوٹن سے ناصر مدنی نے پیش کی اور صوفی عجائب نے میاں محمد بخش کا مشہور کلام سیف الملوک پڑھا جبکہ نظامت کے فرائض احتشام الحق قریشی نے دیے اور صدارت اسرار احمد خان نے کی ۔

اس موقع پر میئر آف لوٹن کونسلر محمود حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا کو مقامی مسائل کو بھی اجاگر کرنا چاہیے. میئر آف سلاو کونسلر محمد نذیر نے کہا کہ میڈیا کا دور حاضر میں اہم کردار ہے جہاں میڈیا مثبت کردار ادا کرتا ہے وہاں اس کے منفی پہلووں کو بھی ہمیں دیکھنا ہو گا۔ ہمیں کوشش کرنی ہے کہ ہم مثبت اور تعمیری صحافت کو پروان چڑھائیں ۔ ڈپٹی لیڈر کونسلر راجہ اسلم خان نے کہا پاکستانی میڈیا نے برطانیہ میں کمیونٹی ایمج کو بہتر منانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی ایشوز اور مسئلہ کشمیر جو ہمارے دل کے بہت قریب کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر طاہر لون نے کہا پینڈامک میں پاکستانی میڈیا لوٹن کے تمام مقامی صحافیوں نے کوویڈ انفارمیشن کو اپنی زبان میں لوگوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، کونسلر خدیجہ ملک نے کہا اگرچہ ڈرگ، نائف کرائم اور کوڑا کرکٹ ہماری کمیوںٹی کے اہم مسائل ہیں تاہم پاکستانی میڈیا نے ان مسائل کے ساتھ ساتھ پاکستان ، اسلام اور کشمیر پر ہمیشہ بہت مثبت کردار ادا کیا ہے۔ سابق میئر آف سلاو عشرت شاہ نے کہا پاکستانی میڈیا کمیونٹی میں مختلف مسائل پر انفارمیشن اور مسئلہ کشمیر پر کمیونٹی کو متحرک رکھنے میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے، کونسلر طاہر ملک کونسلر وحید اکبر، چوہدری عزیز نے بھی خطاب کرتے برطانیہ میں پاکستانی میڈیا کے مثبت کردار کی تعریف کی اور کمیونٹی کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے پرتعمیری تنقید کی۔

لیوٹن کی معزز اور معتبر سماجی اور مذہبی شخصیت قاضی عبدالعزیز چشتی نے پاکستان پریس کلب یوکے لوٹن برانچ کے تمام صحافیوں کے مثبت کردارپر بات کی اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور نو منتخب کابینہ کے اعزاز میں سب سے پہلے استقالیہ کا اعلان کیا، کشمیری ایکٹوسٹ ظفر قریشی نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا برطانیہ میں کشمیریوں کی آواز سرگرم بنانے میں صحافیوں کا کردار قابل تحسین ہے سابق مئیر آف لیوٹن اینڈ کشمیری ایکٹوسٹ، کالم نویس ریاض بٹ نے گلے شکوے کرنے کے باوجود پاکستان پریس کلب برطانیہ لوٹن کے ساتھ مکمل تعاون کا اظہار کیا۔


صدر پاکستان پریس کلب برطانیہ مبین چوہدری نے کہا لوٹن لندن کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں ایک متحرک ٹائون ہے، انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان پریس کلب یوکے اپنی مثبت روایات میں ہمیشہ ایک جدا مقام رکھتا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پریس کلب یوکے لوٹن برانچ بھی ان روایات پر چل کر کام کرے گی، انہوں نے کلب کے قیام کا مختصر احوال بیان کرتے ہوئے ہال میں موجود سرکاری شخصیات کو باور کرایا کہ کمیونٹی کیلئے دن رات ایک کرکے کام کرنے والی پاکستانی صحافیوں کیلئے بھی سوچیں اور جس طرح لوکل انگلش میڈیا کو اشتہارات دئے جاتے ہیں اسی طرح اردو میڈیا کو بھی جاری کرائیں۔ انہوں نے تقریب میں موجود پاکستان پریس کلب یوکے کے سینئر نائب صدرشیراز خان، جوائنٹ سیکرٹری مسرت اقبال، سابق نائب صدر نثار گلشن، مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے ممبر اسرار احمد راجہ کی کلب کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے مخلص دوستوں کی وجہ سے آج کلب کی چوتھی برانچ کی حلف برداری ہوئی۔

مقامی انٹرٹینمنٹ فنکار طالب کیانی، چوہدری جاوید رشید صدیقی اور صحافی اسرار احمدراجہ نے موجودہ دور میں صحافیوں کے کردار اور صحافت کی اہمیت اور افادیت پر ایک خاکہ پیش کیا جسے شرکاء نے بہت سراہا۔ جبکہ شرکاء تقریب میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنما لطیف ملک، اعجاز ملک، صابر گل، یوسف چوہدری، مسلم کانفرنس کے شبیر ملک، ممتاز بٹ، مرکزی جماع مسجد کے سینئر ممبر چوہدری قربان، وٹفورڈ سے سیاسی و سماجی ایکٹوسٹ حاجی منیر احمد، تحریک منہاج القرآن ڈنمارک کی مجلس عاملہ کے صدر چوہدری اکرم جوڑا، تحریک انصاف برطانیہ کے ذیشان ملک، حافظ طارق، منشاء جمال، ،مسلم لیگ ن کے ماسٹر راجہ نثاراور انوار ملک اور تحریک پختون برطانیہ کے چیئرمین عبدالله خان اور لوٹن مساجد کونسل مرکزی رہنما اسحاق قاضی جہنوں نے پروگرام کی معاونت میں اہم کردار ادا کیا شامل تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes