لیبر پارٹی سالانہ کانفرنس کے موقع پر لیبر فرینڈز آف کشمیر کی تقریب میں مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور – Kashmir Link London

لیبر پارٹی سالانہ کانفرنس کے موقع پر لیبر فرینڈز آف کشمیر کی تقریب میں مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور

لندن (عدیل خان) برطانوی حزب اختلاف لیبر پارٹی کے برائیٹن میں ہونے والی سالانی کانفرنس کے موقع پر لیبر فرینڈز آف کشمیر نے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اوربحران پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ایم پی اینڈریو گوین کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں لیبر پارٹی کے پارلیمینٹیرینز ، برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے ممبران ، شیڈو منسٹرز، لیبر فرینڈز آف کشمیر، انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنوں اور میڈیا پرسنز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


برطانوی پارلیمنٹیرینز اور دیگر مقررین نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے برطانیہ کی حکومت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ہائی کمشنر معظم احمد خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور ان کی مذمت کرنے کے لیے حالیہ مباحثے پر ہاؤس آف کامنز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس حقیقت کو سراہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹیرینز پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اس کے تمام انسانی ، سیاسی ، معاشی اور انسان دوست پہلوؤںکو مد نظر رکھیں اورمسئلہ کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

ہائی کمشنر نے 05 اگست 2019 کے بھارت کے اقدام کو یکطرفہ اور غیر قانونی قرار دیا اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے انصاف کی جدوجہد میں پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندوتوا سے متاثر بی جے پی حکومت کا منصوبہ ہے کہ وہ خود کشمیریوں کی الگ شناخت اور ڈیموگرافی کو کم کرے۔ انہوں نے کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی میت کو باوقار طریقے سے دفن کرنے کی اجازت نہ دینے پر بھارتی حکومت کی مذمت کی۔ ہائی کمشنر نے شرکاء کو حکومت پاکستان کی جانب سے حال ہی میں مرتب کردہ مقبوضہ کشمیرپر ڈوزیئر کی نمایاں خصوصیات کے بارے میں بھی بتایا ۔ بعد ازاں تقریب کے شرکاء میں ڈوزیئر تقسیم کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes