سیکرٹری کامرس صالح احمد فاروقی کا دورہ برسلز،یورپی حکام سے تجارتی تعلقات پر گفتگو – Kashmir Link London

سیکرٹری کامرس صالح احمد فاروقی کا دورہ برسلز،یورپی حکام سے تجارتی تعلقات پر گفتگو

برسلز(کشمیر لنک نیوز)پاکستان اور یورپ کے مابین موجودہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سیکرٹری کامرس پاکستان محمد صالح احمد فاروقی 4 سے 20 اکتوبر تک برسلز کے دورے پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے بیلجیم ، لکسمبرگ اور یورپین یونین میں پاکستان کے سفیر جناب ظہیر جنجوعہ کے ہمراہ یورپین یونین اور بیلجیئم کے سینئر حکام اور تجارتی تنظیموں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

سیکرٹری کامرس نے یورپی کمیشن میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ اینڈ ایگریکلچر کے سینئر حکام سے ملاقات کے دوران جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کے لیے موجودہ تجارتی ریگولیٹری فریم ورک کو جاری رکھنے پر زور دیا اور 27 بین الاقوامی کنونشنوں کے نفاذ میں پاکستان کی جانب سے پیش رفت کے بارے میں حکام کو آگاہ کیا۔ دونوں اطراف نے جی ایس پی پلس کے نفاذ سے دو طرفہ تجارت کو باہمی فائدہ مند ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ فریقوں کے صارفین اور کاروبار کے مفاد کے لیے مثبت مصروفیات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

سیکٹری کامرس نے بیلجیئم اور برسلز کی علاقائی حکومتوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتوں میں موجودہ میکانزم کے ذریعے تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بیلجیم اور پاکستان کے مابین مشترکہ کمیشن کو دوبارہ فعال کیا جائے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور تین معروف تجارتی فروغ کی علاقائی ایجنسیوں بشمول FIT ، AWEX اور حب برسلز کے مابین حال ہی میں طے شدہ MOU کو فعال ماحول فراہم کرکےدونوں ممالک کے کاروبار کو آپریشنل کیے جانے پر زور دیا گیا۔

فیڈریشن آف یورپین رائس ملرز (FERM) اور یورپی ملبوسات اور ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن (EURATEX) کی سینئر مینجمنٹ سے ملاقات میں دونوں شعبوں کی کاروباری برادریوں کے درمیان مزید تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یوروٹیکس نے پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر کو نومبر 2021 میں اینٹورپ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی ملبوسات فورم (IAF) کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ سیکرٹری کامرس نے یقین دلایا کہ معروف ٹیکسٹائل مینوفیکچررز اور منتخب ایس ایم ایز کا وفد آئندہ کنونشنز میں شرکت کرے گا۔

سیکر ٹری کامرس نے یورپی پارلیمنٹ کے سرکردہ ممبران کے ساتھ ون آن ون ملاقاتیں کیں اور انہیں جی ایس پی پلس سے متعلقہ کنونشنوں کے نفاذ میں پاکستان کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اپنی بات چیت کے دوران ، سیکرٹری کامرس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان جی ایس پی پلس کے تحت شامل بین الاقوامی کنونشنوں کے تحت تمام ذمہ داریوں کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔ یورپی ممبران پارلیمنٹ نے حکومت پاکستان کی ان تک رسائی کی کوشش کو سراہا اور مستقبل میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes