امریکی ٹیچر کی جانب سے مسلمان بچی کا نقاب زبردستی اتروانے پر دنیا بھر میں سخت ردعمل – Kashmir Link London

امریکی ٹیچر کی جانب سے مسلمان بچی کا نقاب زبردستی اتروانے پر دنیا بھر میں سخت ردعمل

واشنگٹن (کشمیر لنک نیوز) دنیا بھر کے مسلمانوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو جب سے یہ خبر ملی ہے کہ امریکی ریاست نیوجرسی میں ٹیچر نے مسلم طالبہ کا زبردستی نقاب اتروادیا تو ہر طرف اس عمل پر تنقید ہورہی ہے، ٹیچر کے رویے پر معصوم بچی خوف و ہراس کا شکار ہوئی اور وہ اسی حالت میں گھر پہنچی، جس کو دیکھ کر والدین پریشان ہوئے۔ والدین کے اصرار پر بچی نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق آگاہ کیا۔۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست نیوجرسی کے اسکول میں زیر تعلیم 7 سالہ سمعیہ حجاب اور نقاب کے ساتھ اسکول میں داخل ہوئیں تو انہیں ٹیچر نے کلاس میں داخل ہونے سے پہلے روکا اور غصہ کرنے کے بعد زبردستی نقاب اتروا دیا، بچی کی والدہ نے بتایا کہ ’سمعیہ دوسری جماعت کی طالبہ ہے، وہ نقاب کے ساتھ اسکول جاتی ہے، ماضی میں کبھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا، اس طرح کا رویہ پہلی بار روا رکھا گیا جس کے باعث وہ شدید خوفزدہ ہوگئی ہے۔۔

سمعیہ کی والدہ نے اسکول کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تو امریکا میں مقیم مسلم کمیونٹی، مسلمانوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے بھی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ استاد کے اس رویے کا بچی کے ذہن پر بہت برا اثر پڑے گا۔ مسلم کمیونٹی استاد کے اس رویے پر نالاں ہے اور انہوں نے اسکول ٹیچر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes