اللہ دوسروں کیلئے مشکلات کھڑی کر نے اوران کے حقوق چھیننے والوں کو پسند نہیں کرتا،علامہ سید ظفر اللہ شاہ – Kashmir Link London

اللہ دوسروں کیلئے مشکلات کھڑی کر نے اوران کے حقوق چھیننے والوں کو پسند نہیں کرتا،علامہ سید ظفر اللہ شاہ

برٹن آن ٹرینٹ (کشمیر لنک نیوز) رسول کریمؐ نے دنیا کو انصاف اور مساوات کا درس دیا اور انہوں نے اپنے قول و فعل سے ثابت کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو یکساں حقوق دیئے ہیں اور وہ ان لوگوں کو پسند نہیں کرتا جو دوسروں کیلئے مشکلات کھڑی کرتے ہیں اور ان کے حقوق چھینتے ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام نے لوگوں کو انتہا پسندی اور دہشت گردی سے دور رہنے کی تلقین کی ہے اور کسی کو یہ حق یا اختیار نہیں دیا کہ وہ ناحق کسی کی جان لے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ذریعے مسلمانوں کی دنیا بھر میں بدنامی کا سبب بن رہے ہیں ان کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، ان خیالات کا اظہار مرکز ی رہنماؤں تحفظ ناموس رسالت و عقیدت ختم نبوت علامہ سید ظفر اللہ شاہ، ممتاز عالم مبلغ صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی، صدر جامع مسجد حنفیہ غوثیہ چوہدری شوکت محمود نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پیرسید مدثر حسین شاہ گیلانی کی زیر قیادت منعقدہ میلاد مصطفیٰؐ کے جلوس و جلسہ میں پیر سید حامد شاہ، خطیب ہذا صفدر مجید، علامہ الیاس اعوان ، سید سبطین قادری، ڈاکٹر پیرزادہ حبیب احمد خطیب ادارہ ہذا، قاری رضا المصطفیٰ قادری، سید ارباز شاہ سمیت دیگر ثناء خواں مصطفیٰ اور مقررین نے شرکت کی۔ عالمی شہرت یافتہ ثناء خواں سید الطاف حسین شاہ کاظمی نے اپنے مخصوص انداز میں بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھل بکھیرے محفل میں وجد کی کیفیت برپا ہوگئی۔

امسال کورونا وائرس ، لاک ڈائون خاتمہ کے بعد عاشقان مصطفیٰؐ بڑے جوش و خروش اور عقید ت سے جلوس میں شامل ہوئے۔شرکاء مرحبا یا مصطفیٰ کے نعرے بلند کرتے ہوئے مختف شاہرائوں سے گزرتے رہے۔ تقریباً تین میل کا فاصلہ شرکاء نے ہدیہ درود و سلام کی صدائوں میں طے کیا۔ رضا کاروں کی کثیر تعداد سمیت وارکشائر پولیس کی نفری بھی ساتھ تھی۔عقیدہ ختم نبوت برطانیہ میں بہترین تحفظ کرنے والے پیر سید ظفر اللہ شاہ کا مزید کہنا تھا حضور کے اسوہ حسنہ میں بہترین نمونہ اورہمارے لئے رہنمائی موجود ہے ہمیں اپنی نوجوان نسل کی رہنمائی اور تربیت سیرت طیبہ کو سامنے رکھتے ہوئے کرنا ہوگی تاکہ ان کے اخلاق و کردار میں سیرت طیبہ کا عکس نظر آئے۔

صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے کہا کہ سرکار دو جہاں کی آمدسے کائنات میں بہار آگئی بے سہاروں کو سہارا مل گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ آقائے دو جہاں نے بالخصوص معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کواعلیٰ مقام دلایا خواتین کے حقوق مقرر فرمائے۔ صدر جامع مسجد چوہدری شوکت محمود نے عظیم الشان جلسہ و جلوس میلاد مصطفیٰ ؐ منعقد کران کیلئے بھرپور تعاون کرنے پراپنی پور ی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes