بیلجیئم کی قومی کرکٹ ٹیم میں پاکستان نژاد کھلاڑیوں کی شمولیت باعث فخر ہے، شہباز حسین – Kashmir Link London

بیلجیئم کی قومی کرکٹ ٹیم میں پاکستان نژاد کھلاڑیوں کی شمولیت باعث فخر ہے، شہباز حسین

برسلز (کشمیر لنک نیوز) بیلجئم کی قومی کرکٹ ٹیم نے پولیس کونسلر محمد ناصر کی معیت میں سٹی کونسل برسلز کا دورہ کیا، اس ایونٹ کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان برسلز کے ہیڈ آف چانسری شہباز حسین تھے جبکہ وفد کی قیادت بلجیئم کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین عمیر بٹ نے کی۔ سٹی کونسل برسلز کے مرکزی ہال میں تمام کھلاڑیوں کو یورپین چیمپئن شپ ٹی ٹین اسپین میں اچھے کھیل پیش کرنے کی وجہ سے ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ یہ ایوارڈز سفارتخانہ پاکستان برسلز کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شہباز حسین اور سٹی کونسلر محمد ناصر نے تقسیم کیے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی شہباز حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلجیم نیشنل کرکٹ ٹیم میں پاکستان نژاد کھلاڑیوں کی شمولیت اور دلچسپی نہ صرف بلجیم بلکہ پاکستان کےلیے بھی باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسال قبل جب میں بلجیم آیا تب میں نے سوچا کہ ہم بلجیم نیشنل کرکٹ ٹیم کے ساتھ مل کر ریلیشن شپ قائم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہاں کرکٹ کی ترقی کو دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے شہباز حسین نے پوری ٹیم کو سفارتخانہ پاکستان برسلز کی جانب سے مبارکباد دی اور کہا کہ محمد ناصر نے کرکٹ ٹیم کےلیے بڑی تگ و دو کی ہے۔

بی سی ایف کے چیئرمین عمیر بٹ نے کہا کہ ہم بلجیم میں آباد کمیونٹی کے اندر کرکٹ کے شوقین بچوں اور بڑوں کو کرکٹ گراؤنڈز کی جانب راغب کرنے کےلیے مختلف سرگرمیاں سرانجام دیتے رہتے ہیں تاکہ ہماری نئی نسل کھیلوں کے میدان میں کار ہائے نمایاں سرانجام دے۔ انھوں نے کہا کہ بلجیم کرکٹ ٹیم پاکستانی ،انڈی،کشمیری اور افغان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ہمارا آپس میں متحد ہونا گلدستہ کی مانند ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes