تحریک انصاف ایک جمہوری پلیٹ فارم ہے اس میں موروثیت کی کوئی گنجائش نہیں؛ چوہدری ذوالفقار جتالہ – Kashmir Link London

تحریک انصاف ایک جمہوری پلیٹ فارم ہے اس میں موروثیت کی کوئی گنجائش نہیں؛ چوہدری ذوالفقار جتالہ

پیرس (کشمیر لنک نیوز) پاکستان تحریک انصاف جمہوری جماعت ہے، پارٹی میں موروثیت نہیں ہونی چا ہئے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی فرانس کے سینئر راہنما سابق صدر چوہدری ذوالفقار احمد جتالہ نے پاکستان تحریک انصاف فرانس انٹراپارٹی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نظریاتی پینل کی جانب سے کامیابی کا جشن منانے، بھرپور سپورٹ کرنے والوں کا شکریہ اور پارٹی میں نئے آنے والوں کا خیرمقدم کرنے کے لئے پروقار تقریب میں کیا ۔

چوہدری ذوالفقار احمد جتالہ نے مزیدکہا کہ تسلسل سے انٹراپارٹی انتخابات جمہوریت کا حسن اور نئی قیادت کو آگے لانے کا ذریعہ ہوتے ہیں انتخابات کو انتخابات تک رہنا چاہئے جو الیکشن ہارے وہ بھی ہمارے بھائی ہیں ۔سب کو ایک ساتھ مل کر عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانا چا ہئے۔ نومنتخب صدر ملک عابد نے کہا کہ نئے آنے والوں کا خیرمقدم کرتا ہوں انٹرا پارٹی الیکشن میں جیت نظریاتی پینل کی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ دور میں جو کام مکمل نہیں کرسکا اس پر اپنے کارکنان سے معذرت کرتا ہوں،کارکنان سے وعدہ کرتا ہوں انہیں ساتھ لے کر چلوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد پارٹی منشور کا حصہ ہے۔جنرل سیکرٹری چوہدری افضال گوندل نے کہا کہ نئے ممبران پی ٹی آئی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ الیکشن کے بعد ہمارے ہی بھائیوں نے الیکشن چوری کرنے کا الزام لگایا مگر ہم پھر بھی انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ قائد کا وژن ہے کہ سلیکشن نہیں الیکشن ہونا چا ہے۔ تقریب میں پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والیہ وسلم سے ہوا۔

تقریب سے نومنتخب صدر پی ٹی آئی فرانس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایک جماعت ہے، سب کو ملکر کام کرنا چاہئیے، جو بھی پارٹی کیلئے کام کرے گا ہم اس کا ساتھ دیں گے ۔پی ٹی آئی فرانس کے سینئر رہنما زاہد قبال ہاشمی ، اصغر برہان، ذوالفقار نگیال،چوہدری صفدر برنالی،توقیر سجاد،نینا خان، شبانہ چوہدری ،سابق چئیرمین چوہدری افضال ڈھل ، محسن رضا گوندل اور چوہدری اشفاق جٹ نے بھی نومنتخب باڈی کو مبارکباد پیش کی۔ پی ٹی آئی فرانس میں شامل ہونیوالے نئے ممبران کا پارٹی ٹوپی پہنا کر استقبال بھی کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes