عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کیلئے آئی وزیر مملکت زرتاج گل کے اعزاز میں پی ٹی آئی سکاٹ لینڈ کا استقبالیہ – Kashmir Link London

عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کیلئے آئی وزیر مملکت زرتاج گل کے اعزاز میں پی ٹی آئی سکاٹ لینڈ کا استقبالیہ

گلاسگو (کشمیر لنک نیوز) برطانیہ کے دورے پر آئی پاکستان کی وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل نے سکاٹ لینڈ میں ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس میں بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کے بعد وہاں کے مقامی پارٹی کارکنان کو بھی وقت دیا۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف ویسٹ آف سکاٹ لینڈ کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کی۔ جس میں پی ٹی آئی کےکارکنان کے علاوہ چیدہ چیدہ عمائدین شہر شریک تھے۔

اس موقع پر زرتاج گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے برعکس وزیراعظم عمران خان نے اپنی پالیسیاں وقتی سیاسی مفادات کے بجائے طویل المدتی قومی ضروریات کو سامنے رکھ کر بنائی ہیں، ان کے اثرات اگرچہ دیر سے ظاہر ہوں گے لیکن اس سے پاکستان اور اس کی آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ ہوگیا ہے، ہم نے 10ارب درخت لگانے، ماحولیات کو بہتر بنانے، پینے کے صاف پانی، ٹورازم اور دیگر بے شمار شعبوں میں نئے منصوبوں کا آغاز کردیا ہے۔

ماحولیات کی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان کا ایک بڑا اثاثہ اور ہماری حکومت کی اہم ترجیح ہیں جو زرمبادلہ کی شکل میں پاکستان کو ایک بڑی رقم فراہم کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت شروع دن سے ہی ان کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے، اسی وجہ سے وزیراعظم پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوایا ہے۔

اسکاٹ لینڈ میں قونصل جنرل پاکستان سید زاہد رضا نے پاکستانیوں سے کہا کہ اس وقت آپ کے آبائی ملک میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں جس سے نہ صرف آپ کو بہت زیادہ منافع اور پاکستان کے عوام کو روزگار حاصل ہوگا۔ حکومت پاکستان اس سلسلہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتیں مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انشاء اللہ چند ہی برسوں میں پاکستان ایشیا کا اقتصادی ٹائیگر بن کر ابھرے گا۔

پی ٹی آئی ویسٹ اسکاٹ لینڈ کے صدر میاں علی احمد صوفی نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے صرف لوٹ کھسوٹ سے کام لیا اور ملک و عوام کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا، اب ہماری حکومت اگلے 10 برس میں10ڈیم بنانے جارہی ہے۔ ہماری حکومت نے گزشتہ تین برس کے دوران کرپشن کا450ارب روپیہ ریکور کیا ہے، انشاء اللہ عمران خان ان تمام چوروں، ڈاکوئوں سے ملک کو نجات دلائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes